نئی دہلی : عالمی چمپین ہندوستانی بیڈ منٹن کھلاڑی پی وی سندھو نے کہا ہے کہ اولمپک چمپیئن لی زوئی روئی کو 2012 میں شکست دینا ان کے کیریئر کا اہم موڑ ثابت ہوا اور اس نے ان کے حوصلے کو کافی حد تک بڑھایا۔ سندھو نے یہ انکشاف آن لائن چیٹ شو ‘ان اسپورٹ لائٹ’ میں ٹیبل ٹینس پلیئر مدیت دانی کے ساتھ گفتگو میں کیا۔سندھو نے کہا کہ میرے لئے اہم موڑ تب آیا جب میں نے 2012 میں لی زوئی روئی کو شکست دی۔ وہ اس وقت اولمپک چمپیئن تھیں اور میں نے انہیں چائنا ماسٹرز کے کوارٹر فائنل میں شکست دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ زوئی روئی کو شکست دینے کے بعد ان کا اعتماد بہت بڑھ گیا تھا اور اس نے انہیں پہلے سے کہیں زیادہ محنت کرنے کی ترغیب دی ہے۔ ایک سال بعد انہوں نے ورلڈ چمپین شپ میں کانسی کا پہلا تمغہ جیتا۔25 سالہ سندھو 2016 کی ریو اولمپک چاندی کا تمغہ جیت چکی ہیں اور 2019 میں انہیں ہندوستان کی پہلی عالمی چمپیئن بیڈ منٹن کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔