نو پارکنگ میں گاڑی پارک کرنے کا شاخسانہ ‘ مئیر نے چالان ادا بھی کردیا
حیدرآباد 3 فبروری ( پی ٹی آئی ) مئیر حیدرآباد بی رام موہن پر ٹریفک پولیس کی جانب سے جرمانہ عائد کیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے اپنی کار نو پارکنگ زون میں رکھ دی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ ایک شہری نے مئیر کی کار نو پارکنگ زون میں پارک کئے جانے کی تصویر حاصل کرلی اور اسے سوشیل میڈیا پر پیش کردیا جس کے بعد ٹریفک پولیس حرکت میں آگئی ۔ اس کے بعد پولیس نے ایک چالان جاری کردیا اور رام موہن نے یہ چالان ادا بھی کردیا ۔ انہوں نے بعد ازاں تلنگانہ پولیس کے ای چالان ویب سائیٹ کا اسکرین شاٹ بھی پیش کیا اور دکھایا کہ اب ان کے نام پر کوئی زیر التوا چالان نہیں ہے ۔ مئیر نے اپنے بلاگ پر تحریر کیا کہ وہ اس شہری کی ستائش کرتے ہیں جنہوں نے ان کی کار کی غلط پارکنگ کے مسئلہ کو ٹریفک پولیس کے علم میں لایا ۔ میں نے اپنا چالان ادا کردیا ہے ۔ میری سب سے اپیل ہے کہ وہ اس کو مثال کے طور پر لیں اور کسی ٹریفک خلاف ورزی یا قانون کی خلاف ورزی پر خاموش نہ بیٹھیں بلکہ انہیں حکام کے علم میں لایا جائے ۔ انہوں نے ٹوئیٹ کیا کہ یہ ان کے ڈرائیور کی عمدا کی گئی غلطی نہیں تھی ۔ ایسا اس وقت ہوا جب ہم شہر کے مسائل جاننے کیلئے نکلے تھے ۔ حالانکہ یہ کوئی عذر نہیں ہوسکتا ۔ قوانین سب کیلئے قوانین ہیں اور ہم سب کو ان کی پابندی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ڈرائیور کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔ شہریوں نے فوری چالان کی ادائیگی پر مئیر حیدرآباد کی ستائش بھی کی ہے ۔