جرائم سے نمٹنے میں تلنگانہ پولیس ملک میں نمبر ون، یوم یادگار پولیس تقاریب سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد 21 اکٹوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ماؤسٹوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تشدد کا راستہ ترک کرتے ہوئے قومی دھارے میں شامل ہوجائیں اور تلنگانہ کی تعمیر نو میں حکومت سے تعاون کریں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ کئی سرکردہ ماؤسٹ قائدین اور کیڈر نے ہتھیار ڈال دیئے ہیں اور وہ باقی ماندہ قائدین اور کیڈر سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی قومی دھارے میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ادا کریں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج گوشہ محل اسٹیڈیم میں پولیس یادگاری دن کے موقع پر پریڈ کی سلامتی لی اور خطاب کیا۔ اُنھوں نے شہیدان پولیس کی یادگار پر گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے خراج پیش کیا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ماؤسٹ اور دہشت گرد سرگرمیوں کے نتیجہ میں سابق میں تلنگانہ کافی متاثر ہوا ہے۔ پولیس کی غیرمعمولی خدمات کے نتیجہ میں دہشت گرد اور نکسلائٹس کی سرگرمیوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ میں ماؤسٹ کے باقی قائدین اور کیڈر سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پولیس کے روبرو ہتھیار ڈال دیں اور قومی دھارے میں شامل ہوتے ہوئے پرامن زندگی بسر کریں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ماؤسٹوں کو قومی تعمیر میں اہم رول ادا کرنا چاہئے ۔ماؤسٹ نظریات سے ملک کی ترقی ممکن نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے ریاست میں نکسل ازم کے صفایہ کے لئے پولیس کی غیرمعمولی خدمات کو سراہا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ملک میں خدمات کی انجام دہی کے دوران 191 پولیس ملازمین نے اپنی جان کی قربانی دی جن میں 6 کا تعلق تلنگانہ سے ہے۔ گرے ہانڈس کمانڈوز ٹی سندیپ، وی سریدھر، این پون کلیان نے غیر سماجی عناصر کے خلاف لڑائی میں اپنی جان قربان کی۔ اسسٹنٹ کمانڈنٹ بی جواہرلال اور نلگنڈہ کے کانسٹبل بی سائیدو کی بھی موت واقع ہوئی۔ 3 دن قبل نظام آباد میں سی سی ایس کانسٹبل پرمود کمار کو قتل کیا گیا۔ چیف منسٹر نے پرمود کمار کے افراد خاندان کے لئے ہرممکن مدد کا یقین دلایا اور کہاکہ ایک کروڑ روپئے ایکس گریشیاء ادا کیا جائے گا۔ متوفی کی وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر تک مکمل تنخواہ ادا کی جائے گی۔ خاندان کے ایک فرد کو ملازمت اور 300 مربع گز اراضی فراہم کی جائے گی۔ پولیس سکیورٹی ویلفیر سے 16 لاکھ ایکس گریشیاء اور پولیس ویلفیر فنڈ سے 8 لاکھ روپئے ایکس گریشیاء ادا کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت نے گاجولہ رامارم کے 33 پولیس ملازمین کے افراد خاندان کو فی کس 200 مربع گز اراضی الاٹ کی جن کی 2008ء میں ماؤسٹوں کے خلاف لڑائی میں اڈیشہ میں موت واقع ہوئی تھی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ تلنگانہ پولیس نے عوام کے درمیان بھروسہ پیدا کیا ہے اور سماج میں تحفظ کا احساس پیدا کیا۔ پولیس نے عوامی تحفظ کے مسئلہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانیں قربان کرنے والے ملازمین پولیس کو خراج پیش کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ تلنگانہ پولیس ملک کی نمبر ون پولیس ہے جس نے نئی ٹیکنالوجی اور منفرد پالیسیوں کے ذریعہ پولیس نظام کو مستحکم کیا ہے۔ انڈیا جسٹس رپورٹ 2025ء کے مطابق ملک میں تلنگانہ پولیس ڈپارٹمنٹ نمبر ون ہے۔ وزارت خارجہ نے پاسپورٹ ویریفکیشن سسٹم میں شفافیت کے لئے تلنگانہ پولیس کی بطور خاص ستائش کی ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ تلنگانہ پولیس کی کارکردگی آگے بھی اِسی طرح بہتر رہے گی۔ ریونت ریڈی نے سماج میں بڑھتے ہوئے نئے جرائم خاص طور پر سائبر کرائم، ڈیجیٹل فراڈ، ڈرگس اور ہیومن ٹریفکنگ کا حوالہ دیا اور کہاکہ یہ جرائم پولیس کے لئے بڑا چیلنج ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اخبارات میں سائبر کرائم کی خبریں انسانی جرائم کی خبروں سے زائد شائع ہورہی ہیں۔ تلنگانہ پولیس کے لئے فخر کی بات ہے کہ اُس نے اڈوانسڈ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے دیگر ریاستوں میں سائبر کرائم کے گروہ کا پردہ فاش کیا۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس رتبہ کے عہدیدار کی نگرانی میں سائبر سکیورٹی بیورو قائم کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سائبر جرائم اور مجرمین کے خلاف بین ریاستی کارروائیوں کے سلسلہ میں سارا ملک تلنگانہ پولیس کی ستائش کررہا ہے۔ دہشت گردی، غیر سماجی سرگرمیوں، فرقہ وارانہ تشدد، وائٹ کالر جرائم، ڈرگس، ملاوٹ شدہ غذا، گٹکھا، مٹکہ اور دیگر غیر سماجی سرگرمیوں کو کچلنے میں تلنگانہ پولیس ملک کے لئے رول ماڈل بن چکی ہے۔ اُنھوں نے عوام میں تحفظ کا احساس پیدا کرنے میں کامیابی پر پولیس کو مبارکباد پیش کی۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ کو ڈرگس سے پاک ریاست میں تبدیل کرنے کے لئے ایگل نامی ادارہ قائم کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے پولیس سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے نشانے کی تکمیل کے لئے اقدامات کریں اور ریاست کو ڈرگس سے پاک بنایا جائے۔ سلسلہ صفحہ 2 پر