وزیراعظم مودی سے مائیکرو سافٹ چیرمین ستیہ نڈیلا کی ملاقات، AI تعاون پر تبادلہ خیال
نئی دہلی ۔ 9 ڈسمبر (ایجنسیز) بھارت میں مصنوعی ذہانت کے شعبے کو رفتار دینے کے وزیراعظم نریندر مودی کے ویڑن کو اس وقت تاریخی تقویت ملی جب عالمی ٹیک کمپنی مائیکروسافٹ نے بھارت کے AI-First مستقبل کی تعمیر کے لیے 17.5 بلین ڈالر (تقریباً 1.45 لاکھ کروڑ روپے) کی بے مثال سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا۔ یہ انویسٹمنٹ نہ صرف کمپنی کی ایشیا میں اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے بلکہ بھارت کو عالمی AI قیادت کے راستے پر مزید مضبوطی سے آگے بڑھانے کی کوشش بھی ہے۔مائیکروسافٹ کے سی ای او ستیہ نڈیلا، جو حال ہی میں وزیراعظم مودی سے ملاقات کر چکے ہیں، نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کے AI امکانات اور ٹیلنٹ سے وہ بے حد متاثر ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ بھارت کی بڑھتی ہوئی خواہشات کو عملی شکل دینے کیلئے مائیکروسافٹ عالمی سطح کی ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور مہارت سازی پر بھاری سرمایہ لگا رہا ہے۔نڈیلا کے مطابق 17.5 بلین ڈالر ہماری ایشیا میں سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے، جس کا مقصد بھارت کے AI-First ماڈل کے لیے ضروری انفراسٹرکچر، اسکلز اور صلاحیتوں کو تیار کرنا ہے۔وزیراعظم مودی نے بھی ان کے پیغام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دنیا AI کے معاملے میں بھارت سے امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہے اور نئی سرمایہ کاری کروڑوں نوجوانوں کے لیے نئی راہیں کھولے گی۔ انہوں نے اس فیصلے کو بھارت کے ٹیکنالوجی مستقبل کے لیے گیم چینجر قرار دیا۔مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ اس سرمایہ کاری کے ذریعے بھارت میں جدید ڈیٹا سینٹرز، AI اسکیلنگ پروگرام، اور عالمی معیار کا ٹیک ایکو سسٹم تیار کیا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق یہ سرمایہ کاری بھارت کو عالمی AI مقابلے میں نئی برتری فراہم کرے گی اور مقامی صنعت کو بھی مضبوط بنیاد فراہم کرے گی۔