تلنگانہ میں ترقی کا جامع منصوبہ، آلودگی کے موضوع پر کانفرنس سے ڈپٹی چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد 30 جنوری (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ ماحولیاتی تحفظ کے ذریعہ ہی حقیقی معنوں میں ترقی ممکن ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ حکومت ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے لئے جامع منصوبہ بندی کررہی ہے۔ بھٹی وکرامارکا اسٹیٹ پلاننگ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ڈاکٹر ایم چناریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ میں ایئر کوالیٹی انڈیکس اور ایئر کوالیٹی مینجمنٹ پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ حیدرآباد اور ریاست کے عوام کے لئے صحت بخش فضائی ماحول تیار کرنے کے لئے حکومت نے منصوبہ بندی کی ہے۔ شہری علاقوں سے صنعتوں کو منتقل کرتے ہوئے آلودگی پر قابو پایا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ فضائی آلودگی کے خاتمہ کی حکمت عملی کی تیاری میں اِس طرح کی کانفرنس مددگار ثابت ہوگی۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ تلنگانہ ملک کی تیزی سے ترقی پذیر ریاست ہے اور حیدرآباد عالمی سطح پر آئی ٹی، لائف سائنسیس، مینوفیکچرنگ اور انوویشن کے مرکز میں تبدیل ہوچکا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ کی ترقی ہر شہری کے لئے باعث فخر ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ماحولیاتی تحفظ کی مساعی میں ہر شہری کو اپنی حصہ داری ادا کرنی چاہئے۔ تلنگانہ کی معیشت کو 3 ٹریلین ڈالر تک پہونچانے کے علاوہ بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری کے ذریعہ روزگار کے مواقع پیدا کئے جارہے ہیں۔ بھٹی وکرامارکا نے ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ساتھ صحت عامہ کے لئے حکومت کے اقدامات کا ذکر کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ گلوبل ایئر رپورٹ 2024ء میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں آلودگی اموات کی دوسری اہم وجہ ہے۔ دنیا بھر میں 8 ملین سے زائد ماقبل تولید اموات آلودگی کا نتیجہ ہے۔ ورلڈ بینک کے سروے میں بھی آلودگی کے نقصانات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اُنھوں نے آلودگی پر قابو پانے کی منصوبہ بندی، نگرانی اور ایکشن پلان کی تفصیلات بیان کیں اور کہاکہ برقی کے شعبہ میں قابل تجدید اور دیگر ذرائع کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔1