مادنا پیٹ میں قدیم درخت گرگیا ، کار اور برقی تاروں کو نقصان

   

شہر میں ہواؤں کے ساتھ تیز بارش
حیدرآباد۔10۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) محکمہ موسمیات کی جانب سے شہرمیں گرمی کی شدت میں اضافہ کے باوجود آج پرانے شہر کے علاوہ بعض دیگر علاقوں میں ہونے والی بارش کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ دوپہر کے علاوہ شام کے وقت ہونے والی موسلادھار بارش کے دوران مادنا پیٹ کے علاقہ میں قدیم درخت کے گرنے کے سبب ایک کار کے علاوہ برقی تاروں کو نقصان پہنچا جبکہ دوپہر کے وقت ہونے والی بارش کے آغاز کے ساتھ ہی شہر کے کئی علاقوں میں برقی سربراہی منقطع ہوگئی۔ دونوں شہروں کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش کے باوجود شہر میں گرمی کی شدت میں کوئی کمی نہیں آئی بلکہ بارش کا سلسلہ رکنے کے بعد رطوبت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق شہر کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع میں گرمی کی شدت میں اضافہ اور بادلوں یکجا ہونے کے سبب ہونے والی ان بارشوں کا سلسلہ آئندہ چند یوم کے دوران بھی جاری رہ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کی ماہرین موسمیات نے آج ہونے والی بارش کے سلسلہ میں کسی بھی طرح کی کوئی پیش قیاسی نہیں کی تھی بلکہ یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ دونوں شہروں میں مطلع صاف رہے گا اور موسم مجموعی اعتبار سے خشک رہے گا لیکن دوپہر کے وقت اچانک بادل اور 30منٹ سے زیادہ ہونیو الی بارش کے سبب کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئیں اور تیز ہواؤں کے سبب درخت گرنے اور گاڑیوں کو نقصان کے علاوہ برقی تاروں و کھمبوں کے گرنے کی بھی شکایات موصول ہوئیں۔ مادننا پیٹ میں درخت گرنے کی شکایت کے ساتھ ہی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے شعبہ ایمرجنسی (ای وی ڈی ایم) کے اہلکاروں نے پہنچ کر درخت کو کاٹنے کا عمل شروع کردیا جبکہ تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن لمیٹڈ نے برقی کی بحالی کے اقدامات کا آغاز کیا۔ پرانے شہر کے علاوہ شہر حیدرآباد کے نواحی علاقوں اپل ‘ ناگول ‘ ونستھلی پورم‘ دلسکھ نگر‘ جامعہ عثمانیہ ‘ عنبرپیٹ ‘ رامنتا پور اور دیگر علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی ۔ملک پیٹ‘ سنتوش نگر ‘ چنچل گوڑہ ‘ یاقوت پورہ کے علاقوں میں بھی دوپہر اور شام کے اوقات میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق غیر موسمی بارش کا یہ سلسلہ جاری نہیں رہے گا بلکہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ریاست تلنگانہ کے اضلاع اور دونوں شہروں میں درجہ حرارت اور گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔م
مجلس عزا
حیدرآباد ۔ 10 ۔ مئی : ( راست ) : الاوہ سرطوق مبارک دارالشفاء میں جمعرات 11 مئی کو صبح 8-30 بجے مجلس عزا مقرر ہے ۔ مسرس زاہد علی ، مختار علی ، مہدی علی اور تراب علی مرثیہ خوانی کریں گے ۔ مولانا سید دلدار حسین عابدی خطاب کریں گے ۔۔