نئی دہلی، یکم اپریل (یو این آئی) مجموعی اشیا اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کی وصولی مارچ 2026 میں سالانہ 8.8 فیصد بڑھ کر 2,00,064 کروڑ روپے پر پہنچ گئی۔ پورے مالی سال 2025-26 کے دوران مجموعی جی ایس ٹی وصولی میں ایک سال پہلے کے مقابلے 8.3 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا اور یہ 22,27,096 کروڑ روپے ہو گئی۔ مارچ کی جی ایس ٹی وصولی میں گھریلو محصولات کا حصہ 1,46,202 کروڑ روپے رہا۔ اس میں 5.9 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ درآمدات پر جی ایس ٹی سے حاصل ہونے والے محصولات 17.8 فیصد بڑھ کر 53,861 کروڑ روپے رہے ۔ جی ایس ٹی کے تحت مارچ میں 22,074 کروڑ روپے کا ریفنڈ بھی جاری کیا گیا جس سے خالص محصولات کی وصولی 1,77,990 کروڑ روپے پر پہنچ گئی۔ ریفنڈ میں 13.8 فیصد اور خالص جی ایس ٹی وصولی میں 8.2 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا۔ اس کے علاوہ مارچ میں سیس کی وصولی 177 کروڑ روپے منفی رہی۔ ایسا سیس کی وصولی کے مقابلے میں اس مد میں جاری کیے گئے ریفنڈ کے زیادہ رہنے کی وجہ سے ہوا ہے ۔