مارکٹ میں ضروری اشیاء کی دستیابی پر حکومت کی کڑی نظر: پاسوان

,

   

تاجروں اور مینوفیکچررس کو لاک ڈاؤن کی مدت کے دوران منافع خوری کے خلاف انتباہ،مرکز کا ریاستی حکومتوں کے ساتھ ربط
نئی دہلی ۔ 25 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر تغذیہ رام ولاس پاسوان نے آج کہا کہ حکومت کورونا وائرس وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کے سلسلہ میں 21 دنوں کیلئے لاگو ملک گیر لاک ڈاؤن کے درمیان مارکٹ میں ضروری اشیاء کی دستیابی پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے مینوفیکچررس اور تاجرین کو متنبہ کیا کہ اس مدت کے دوران حد سے زیادہ منافع خوری کی حماقت نہ کریں۔ مرکز ریاستی حکومتوں کے ساتھ بھی ربط میں ہیں تاکہ ضروری اشیاء کی قلت کا سدباب کیا جاسکے ۔ کورونا کے خطرہ سے ابھرنے والی صورتحال کے مدنظر حکومت نے تمام ضروری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے ہیں اور مارکٹ پر نظر رکھی جارہی ہے۔ انہوں نے تمام تاجرین اور مینوفیکچررس سے اپیل کی کہ اس صورتحال کا ناجائز فائدہ نہ اٹھائیں۔ مرکز نے 23 مارچ کو ریاستوں اور مرکزی علاقوں کو اجازت دی تھی کہ فوڈ کارپوریشن آف انڈیا سے راشن شاپس کے ذریعہ غذائی اشیاء کی تقسیم کیلئے تین ماہ پیشگی غذائی اجناس اٹھانے کو مت روکیں۔ عوامی نظامی تقسیم کے تحت تقریباً 75 کروڑ استفادہ کنندگان ہیں۔ موجودہ طور پر حکومت کے پاس 435 لاکھ میٹرک ٹن فاضل غذائی اجناس ہیں جس میں سے 272.19 لاکھ ٹن چاول اور 162.79 لاکھ ٹن گیہوں ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کی شب اعلان کیا کہ چہارشنبہ سے 21 دنوں کے لئے مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام سماجی فاصلے قائم رکھیں جو ملک کے لئے کورونا وائرس وباء کے خلاف فیصلہ کن لڑائی کیلئے ضروری ہے۔ مرکز اور ریاستی حکومتوں نے تمام ضروری اشیاء کی آسانی سے سپلائی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے ہیں۔ پاسوان نے کہا کہ عوام کو غذا اور دیگر ضروری چیزوں کی دستیابی کے تعلق سے اندیشوں میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں۔ وزارت صحت کے ڈیٹا کے مطابق کورونا وائرس کے معاملے بڑھ کر 562 ہوگئے ہیں۔ اس دوران وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں سے کہا کہ 21 روزہ لاک ڈاؤن کے تناظر میں غذا اور دیگر ضروری اشیاء کی قلت کے تعلق سے افواہوں کو پھیلنے نہ دیا جائے۔ تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریز اور ڈی جی پیز کو پیام بھیجتے ہوئے وزارت نے ان سے کہا کہ امن اور بھائی چارہ برقرار رکھنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں اور عوام کو غذا ، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی دستیابی کے تعلق سے مطلع کرتے رہیں۔ وزارت نے کہا کہ ریاستوں کو جاری کردہ احکام کے مطابق سرپسند عناصر افواہیں پھیلا سکتے ہیں۔ اور خاص طور پر غذا و دیگر ضروری اشیاء کی قلت کے تعلق سے عوام کو گمراہ کرسکتے ہیں۔اس لئے پہلے سے چوکسی اختیار کرنا ضروری ہے اور جہاں کہیں مناسب معلوم ہو سختی برتی جائے۔

اشیائے ضروریہ کی سپلائی میں کمی نہیں ہو گی :حکومت دہلی
اس دوران حکومت دہلی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی قسم کی گھبراہٹ میں نہ آئیں ، دارالحکومت میں لاک ڈاون کے دوران ضروری اشیاکی سپلائی برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل اور وزیر اعلی اروندکجریوال نے بدھ کو سینئر حکام کے ساتھ میٹنگ کرکے لاک ڈاؤن کا جائزہ لیا۔ بیجل اور مسٹر کجریوال نے میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ دہلی میں ضروری اشیا کی کسی قسم کمی نہیں ہونے دی جائے گی اور ریاستی حکومت کی پوری کوشش رہے گی کہ 21دن کے لاک ڈاؤن کی مدت کے دوران کوئی بھی بھوکا نہ سونے پائے ۔ انہوں نے کہا لاک ڈاؤن کی وجہ سے دقتیںہوں گی لیکن تمام لوگوں کو اس کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ بیجل نے کہا کہ دارالحکومت میں ضروری خدمات مسلسل چلتی رہے گی اور انہیں روکا نہیں جائے گا۔ حکومت نے صورت حال کی نگرانی کے لئے نوڈل افسران کے بھی تقرر کئے ہیں۔