اسکیم خود انحصار ہندوستان میں ترقی کے اگلے 25 برسوں کا سنگ بنیاد ہوگی
نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے ڈھانچہ جاتی ترقی کو کم لاگت ، بروقت اور معیاری ڈھنگ سے مکمل کرنے کے لیے محکموں اور وزارتوں کے مابین ہم آہنگی اور ترقیاتی کاموں میں اجتماعی طاقت کی کارکردگی کو ضروری قرار دیتے ہوئے ملک کی تمام ریاستوں سے پردھان منتری گتی شکتی پلیٹ فارم میں شامل ہونے کی اپیل کی۔مسٹر مودی نے بدھ کے روز یہاں پرگتی میدان میں ملٹی ماڈل کنیکٹوٹی کے تحت پردھان منتری گتی شکتی اسکیم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ‘گتی شکتی یوجنا’ ایک ایسے وقت میں شروع کی جارہی ہے جب ملک بھر میں درگا پوجا کی جارہی ہے ۔ یہ اسکیم خود انحصار ہندوستان میں ترقی کے اگلے 25 سالوں کا سنگ بنیاد ثابت ہوگی۔ یہ ملک کی ترقی کے لیے محکموں اور وزارتوں کی اجتماعی طاقت کو ظاہر کرے گا اور ملک ترقی کی نئی بلندیوں کو حاصل کرے گا۔. مودی نے کہا کہ سرکاری محکموں کے درمیان رسہ کشی کی وجہ سے ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹ آرہی تھی اور ان منصوبوں سے جو فوائد ملک کو ملنے چاہیے تھے وہ باہمی تنازعات میں الجھنے سے ان منصوبوں کی اہمیت ختم ہورہی تھی۔ یہ اسکیم اس بحران کو ختم کرنے اور محکموں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے شروع کی گئی ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ اب تک جو طریقے اپنائے جارہے تھے ان سے ترقی کا عمل متاثر ہورہا تھا اور ترقیاتی منصوبے وقت پر مکمل نہیں ہوتے تھے ، اخراجات بھی زیادہ ہوتے تھے ، لیکن اب تمام محکموں کی معلومات گتی شکتی پلیٹ فارم پر ایک جگہ دستیاب ہوں گی۔ گتی شکتی پلیٹ فارم سے منصوبہ بندی میں مدد ملے گی ۔ جس سے کسی بھی شعبہ کو منصوبہ بنانے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ اس سے کام میں تیزی آئے گی اور جو رکاوٹیں پیدا ہو رہی تھیں وہ اس ماسٹر پلان کے ذریعے آسانی سے حل ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم سے معیاری بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ذریعہ ملک کی طاقت کی بنیاد پڑے گی ، اس سے لوگوں کو روزگار ملے گا ، عوام کی مصنوعات کو بازار ملے گا اور حکومت کے کام کرنے کا طریقہ بدل جائے گا اور حکومت کے کاموں کو لوگوں میں وقار ملے گا۔
ہندوستان معاشی جست لگانے تیار :مودی
نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے چہارشنبہ کو کہا کہ حکومت کا ہدف ملک میں شپنگ سامان کی لاگت کو کم کرنا ، ریلوے کی نقل و حمل کی صلاحیت کو بڑھانا ، بندرگاہوں پر جہازوں کی لوڈنگ اور اَن لوڈنگ کے اوقات کو کم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ملک میں بنیادی ڈھانچے کی توسیع پر تیز اور بلند مقاصد کے ساتھ کام کر رہی ہے اور ہندوستان اب دنیا میں ایک بڑے مینوفیکچرنگ سنٹر کا خواب دیکھ سکتا ہے۔ قومی دارالحکومت دہلی کے پرگتی میدان میں ’گتی شکتی یوجنا‘ کا افتتاح کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ آج ملک میں کئی دہائیوں سے نامکمل اسکیم کو مکمل کیا جا رہا ہے اور ہم نے ثابت کر دیا ہے کہ ہم تیز رفتاری سے کام کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف لاجسٹک کی لاگت کو کم کرنا ، ریلوے کی نقل و حمل کی صلاحیت کو بڑھانا اور اگلے دو سے تین برسوں میں بندرگاہوں کی مجموعی قابلیت اور گنجائش کو بہتر بنانا ہے ۔