ماسکو میں برفانی طوفان نے تباہی مچادی

   

ماسکو۔ 31 جنوری (یو این آئی) روس کے دارالحکومت ماسکو میں رواں ماہ ہونے والی برف باری سے گزشتہ 200 سال سے زائد کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ، جس کے سبب نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے ۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق تقریباً ایک کروڑ 30 لاکھ آبادی والے شہر میں شدید برف باری کے باعث مرکزی علاقوں میں سڑکوں پر برف کے بڑے ڈھیر لگ گئے جس کے باعث شہری پریشان ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اس وقت دنیا کے کئی ممالک شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ کہیں سرد ہوائیں اور تیز بارشیں اور کہیں برفانی طوفان نے تباہی مچائی ہوئی ہے ۔ ماسکو کے 35 سالہ بارٹینڈر پاول کا کہنا ہے کہ ‘میرے بچپن میں بہت زیادہ برف پڑتی تھی، لیکن اب تقریباً کوئی برف نہیں ہوتی، پہلے بہت زیادہ ہوا کرتی تھی۔ رواں مہینے کے آغاز میں، روس کے دور دراز مشرقی علاقے کامچٹکا میں ایک شدید برفانی طوفان کے باعث ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا گیا، جس نے اس کے اہم شہر کو جزوی طور پر مفلوج کر دیا۔ ماسکو کے اطراف میں چلنے والی مسافر ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ گاڑیاں طویل ٹریفک جام میں پھنس گئیں،ماسکو اسٹیٹ یونیورسٹی کے مطابق ‘جنوری ماسکو میں سرد اور غیر معمولی طور پر زیادہ برفباری والا مہینہ رہا۔