بھوپال ۔ مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر اور سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے آج کہا کہ مافیا کو زمین میں دفن کرنے کی باتیں کھوکھلی ہیں۔ کمل ناتھ نے گنا میں شکاریوں کی فائرنگ سے تین پولیس اہلکاروں کی موت کے بارے میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ان پولیس والوں نے اپنی ڈیوٹی نبھاتے ہوئے اپنی شہادت دی ہے ، لیکن ہمیں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ مدھیہ پردیش میں مجرموں کے جذبے اتنے بلند کیوں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلے عام جرائم پیشہ لوگ پولیس والوں کو مار رہے ہیں؟ جنگل میں بے خوف ہوکر شکار کررہے ہیں؟ ریاست میں امن و امان کی صورتحال اتنی ابتر کیوں ہے ، اس کا ذمہ داری کون ہے ؟ ہر واقعہ کے بعد جاگنا حکومت کی عادت بن چکی ہے ۔ آج ریاست میں ہر قسم کے مافیا سرگرم ہیں۔ لینڈ مافیا ہو، جنگل مافیا ہو، شراب مافیا ہو، ریت مافیا ہو، سب کے حوصلے بلند ہیں۔ مافیا کو زمین میں دفن کی باتیں کھوکھلی ثابت ہورہی ہین۔ کمل ناتھ نے الزام لگایا کہ اگر حکومت کا امن و قانون اور مجرموں پر قابو ہوتا تو ایسے واقعات کو روکا جاسکتا تھا۔