حیدرآباد ۔ 16 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : شہر کے مالس پر جہاں عموماً اتوار کے دنوں میں بہت ہجوم رہتا ہے ۔ گذشتہ اتوار کو خریداروں کی تعداد میں بہت کمی دیکھی گئی کیوں کہ ملٹی پلکسیس بند رہے ۔ اس سے مالس کے اندر جن کے اسٹورس ہیں ان کے لیے مشکل پیش آئی ۔ میٹرو ٹرینس میں بھی مسافرین کا زیادہ ہجوم نہیں تھا چونکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہفتہ کی شام اعلان کیا کہ تمام تعلیمی ادارے 31 مارچ تک بند رہیں گے ۔ اس لیے ریاستی اور مرکمی حکومتوں کی یونیورسٹیز نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے مارچ کے ختم تک کلاسیس کو معطل کرنے کا اعلان کیا ۔ تاہم کے این آر یونیورسٹی آف ہیلت سائنسیس نے صرف ایم بی بی ایس اطلبہ کے لیے تعطیل کا اعلان کیا نہ کہ انٹرنس یا پی جی طلبہ کے لیے ۔ محکمہ تعلیمات نے ریاست میں تمام اداروں کو بند کرنے کے احکام جاری کئے جب کہ اکسائز ڈپارٹمنٹ نے بھی بارس ، کلبس اور پرمٹ رومس کو بند رکھنے سے متعلق اعلامیہ جاری کیا ۔ تاہم ایسے وقت جب کہ زیادہ تر شہر سنسان رہا ۔ پرانے شہر میں ہمیشہ کی طرح چہل پہل دیکھی گئی جہاں چارمینار کے اطراف کی مارکٹس میں کئی لوگوں کو خریداری کرتے دیکھا گیا ۔ چارمینار اور قلعہ گولکنڈہ کھلے رہے لیکن ان مقامات پر سیاحوں کی بہت کم تعداد کو دیکھا گیا ۔۔