مانسون سیزن کا اختتام : ریاست میں معمول کی بارش

   

حیدرآباد میں مجموعی طور پر 25 فیصد زائد بارش ریکارڈ
حیدرآباد ۔ 2 اکٹوبر (سیاست نیوز) جنوب مغربی مانسون سیزن کا ہفتہ کو اختتام ہوا، جس کے دوران ایک ’ای آئی نائینو‘ سال ہونے کے باوجود حیدرآباد میں مجموعی اعتبار سے زائد بارش ہوئی۔ 25 فیصد زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس سال کے جنوب مغربی مانسون سیزن کے دوران حیدرآباد میں مجموعی طور پر 769.5mm بارش ہوئی جو 615.4mm معمول کی بارش سے زیادہ رہی۔ شہر میں مجموعی طور پر زائد بارش ہوئی جبکہ بعض علاقوں میں معمول کی بارش ہوئی۔ حیدرآباد کے منڈلس میں شیخ پیٹ، ماریڈپلی، چارمینار، آصف نگر، نامپلی، خیریت آباد، سکندرآباد اور ترملگیری میں شہر کی اوسط سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ مانسون سیزن کے دوران پوری ریاست تلنگانہ میں معمول کی بارش ریکارڈ کی گئی۔ تاہم کئی اضلاع بشمول عادل آباد، نرمل، نظام آباد، جگتیال، پداپلی، ورنگل اور حیدرآباد میں زائد بارش ہوئی۔ تلنگانہ میں 738.6mm کی معمول کی بارش کے مقابلہ 861.1mm مجموعی بارش ہوئی۔