ڈرینج اور نالوں کی عدم صفائی ، معمولی بارش پر سڑکیں جھیل میں تبدیل ، محکمہ بلدیہ اور آبرسانی کی نااہلی
حیدرآباد۔22۔جون(سیاست نیوز) شہر میں مانسون کی آمد کا انتظار کررہے شہریوں کو کچھ راحت حاصل ہوئی لیکن مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد اور محکمہ آبرسانی کی نااہلی سے عاجز شہریوں میں خوف بھی پیدا ہونے لگا ہے کیونکہ دونوں شہروں کے کئی علاقوں میں مانسون کی آمد سے قبل ڈرینیج اور نالو ںکی صفائی کو یقینی بنانے کے کاموں کو مکمل نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں رہنے والے مکینوں میں بارشوں کے آغاز کے ساتھ ہی خوف پیدا ہونے لگا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآبادکی جانب سے مانسون کے آغاز سے قبل دونوں شہروں اور بلدی حدود میں موجود تمام نالوں کی صفائی اور برساتی پانی کی بہاؤ کے ڈرینیج میں موجود کچہرے کی نکاسی کے اقدامات کا اعلان کیا گیا تھا تاکہ شہر کی سڑکوں اور محلہ جات کو جھیل میں تبدیل ہونے سے محفوظ رکھا جاسکے لیکن ان کاموں کو اب تک مکمل نہیں کیا گیا بلکہ جاریہ ماہ کے اوائل کے دوران مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسز وجیہ لکشمی نے تمام زون کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ مانسون کے آغاز سے قبل تمام ڈرینیج کی صفائی اور نالوں سے کچہرے کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ عہدیداروں نے بھی اس اجلاس میں اب تک کئے گئے کاموں کے سلسلہ میں تفصیلات پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ شہر کے بیشتر تمام رہائشی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے گئے ہیں لیکن جلد ہی نالوں کی صفائی اور بعض مقامات پر ڈرینیج کی صفائی کے کاموں کو جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی کے حدود میں مانسون کی آمد کی تیاریوں کے نام پر کئے جانے والے کاموں میں سب سے اہم نالوں کی صفائی اور پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے کے لئے ڈرینیج نظام کو بہتر بنایا جانا ضروری ہے لیکن شہر کے کئی مقامات پر اب تک نالوں کی صفائی کا کام شروع نہیںکیا گیا ہے اس کے علاوہ ڈرینیج ابلنے کی شکایات کو دور کرنے کے بھی اقدامات نہیں کئے گئے ۔جوبلی ہلز سے ٹولی چوکی ‘ پیراماؤنٹ کالونی پہنچنے والے نالہ کی صفائی کے علاوہ پرانے شہر کے کئی علاقوں فلک نما‘ سنتوش نگر‘ عیدی بازار ‘ تالاب کٹہ کے علاوہ نشیمن نگر اور یاقوت پورہ میں ڈرینیج کی صفائی اور کچہرے کی نکاسی کے عمل کو مکمل نہ کئے جانے کی وجہ سے علاقہ کے مکینوں کو خدشہ ہے کہ اگر موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوتا ہے تو ایسی صورت میں نشیبی علاقوں میں موجود مکانات میں پانی جمع ہونے کے علاوہ سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوجائیں گی۔م