25 کروڑ روپئے رشوت لینے کے الزام کو ثابت کرنے پر زور۔ ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کا انتباہ
حیدرآباد۔ /10 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کے انچارج مانکیم ٹیگور نے ان پر ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی ڈی سدھیر ریڈی کی جانب سے 25 کروڑ روپئے رشوت لیتے ہوئے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر بنانے کا الزام عائد کرنے کا سخت نوٹ لیا ہے۔ مانکیم ٹیگور کے ایڈوکیٹ رویندرن نے اسمبلی حلقہ ایل بی نگر کی نمائندگی کرنے والے ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی سدھیر ریڈی کو لیگل نوٹس روانہ کیا ہے۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ سدھیر ریڈی نے 3 جولائی کو ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے مانکیم ٹیگور پر 25 کروڑ روپئے کی رشوت لینے کا الزام عائد کیا ہے۔ اس الزام سے مانکیم ٹیگور کے وقار کو دھکا لگا ہے۔ نوٹس میں سدھیر ریڈی کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اگر ان کے پاس کوئی ثبوت ہے تو پیش کریں۔ بصورت دیگر اندرون ایک ہفتہ تحریری طور پر مانکیم ٹیگور سے معذرت خواہی کریں۔ناکامی پر ان کے خلاف ایک کروڑ روپئے کا ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کا انتباہ دیا۔ کانگریس کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ مانکیم ٹیگور نے سدھیر ریڈی کی پریس کانفرنس سے متعلق اخبارات کے تراشے اور ویڈیو کلپس اکٹھا کرلئے ہیں اور حیدرآباد سے دہلی پہنچنے کے بعد اپنے ایڈوکیٹ کے ذریعہ سدھیر ریڈی کو لیگل نوٹس روانہ کیا ہے۔
