شہر میں علاج کے لیے آمد ، تلاشی مہم میں انکشاف ، ترون جوشی کمشنر پولیس ورنگل
حیدرآباد :۔ کورونا وائرس نے ماویسٹ پارٹی کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔ عوامی زندگی سے دور جنگلات میں زندگی بسر کرنے والے ماویسٹ بھی کورونا سے متاثر ہوگئے ہیں اور علاج کے لیے اب شہر کا رخ کرنے لگے ہیں ۔ اس بات کا انکشاف ورنگل پولیس کی کارروائی کے دوران ہوا جب پولیس نے ایک سرکردہ ماویسٹ اور اس کے ہمدرد (کوریر ) کو گرفتار کرلیا ۔ ورنگل کمشنر مسٹر ترون جوشی نے میڈیا سے ان گرفتاریوں کی تصدیق کی اور بتایا کہ ماویسٹ پارٹی کے لیڈر گڈم مدھوکر اور کوریر ونئے کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ گڈم مدھوکر دنڈا کارانیا زون ڈیویژن کمیٹی کا سکریٹری بتایا گیا ہے ۔ جب کہ ونئے ماویسٹوں کا ہمدرد ہے جو خفیہ طور پر ماویسٹوں کو اطلاعات فراہم کرتے ہوئے ان کے لیے ایک ایجنٹ کی طرح کام کرتا ہے ۔ پولیس کی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ یہ دونوں علاج کی غرض سے جنگلات سے باہر آئے مدھوکر اور کوریر ونئے کورونا وائرس سے متاثر ہیں ۔ کل دوپہر ورنگل پولیس کی جانب سے علاقہ میں تلاشی مہم جاری تھی کہ پولیس نے اس دوران ملگ چوراہے پر تلاشی کے دوران پولیس نے ایک کار کو روکا جس میں یہ لوگ سوار تھے ۔ پولیس نے شبہ کی بنیاد پر انہیں حراست میں لیا اور پولیس نے جب ان کی شناخت کی جانچ کی تو حیرت میں پڑ گئی ۔ مدھوکر اور ونئے سے پوچھ تاچھ میں پولیس کو پتہ چلا کہ ماویسٹ کے مزید سرکردہ قائدین ان دنوں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں ۔ تقریبا 12 اہم قائدین ان دنوں کورونا کا شکار ہیں ۔ جن میں کے سدرشن عرف آنند ، ٹی تروپتی عرف دیوجی ، وائی نارائنا عرف ہرش بھوشن ، اوچکاراؤ عرف دامودر ، کے راجی ریڈی عرف دھرمنا ، رامچندر ریڈی عرف ویکلس ، دیویندر ریڈی عرف ماسا وڈا ، ایم اُجل عرف راگھو ، کے منجولہ عرف نرملا ، پی پدما اور کے سنیتا عرف بورا شامل ہیں ۔ تاہم ان ماویسٹوں کو جو عوامی زندگی سے بالکل ہی تعلق نہیں رکھتے آخر وائرس نے کس طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا اور وہ کس طرح متاثر ہوئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ دنوں بیجاپور سدور گاوں میں قائم کیے جارہے نئے پولیس چیک پوسٹ کی عوام کی جانب سے مخالفت جاری ہے ۔ چھتیس گڑھ اور تلنگانہ کے سرحدی علاقوں سے تعلق رکھنے والی عوام کے اس احتجاج میں ماویسٹ بھی شامل تھے اور دوران مقامی عوام کے ساتھ ملاقاتیں اور بات چیت سے ماویسٹوں کے متاثر ہونے کا اندازہ لگایا جارہا ہے کہ اس احتجاج کے دوران بھیڑ میں متاثرہ افراد سے ان ماویسٹوں کو کورونا نے متاثر کیا ہے ۔ ورنگل پولیس نے گرفتار ماویسٹوں سے حاصل شدہ اطلاعات کی بنیاد پر مزید چوکسی اختیار کرلی ہے ۔۔