لکھنؤ23دسمبر(سیاست ڈاٹ کام ) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) سپریمو مایاوتی نے شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت میں ہوئے احتجاجی مظاہرے کے بعد پولیس کی جانب سے گرفتار کئے گئے بے قصور افراد کو جلد از جلد رہا کرنے کا مطالبہ کیاہے ۔مایاوتی نے پیر کوا پنے ٹوئٹ میں لکھا کہ اترپردیش میں بعض مقامات پر احتجاجی مظاہروں کے تشدد میں تبدیل ہوجانے کے بعد پولیس نے کچھ افراد کو گرفتار کیا ہے ۔ ایسے میں جو افراد بے قصور ہیں انہیں جانچ پڑتال کے بعد چھوڑ دینا چاہئے ۔ بی ایس پی سپریمو نے کہا کہ بی ایس پی تشدد کے ہمیشہ خلاف رہی ہے لیکن گذشتہ کئی دنوں سے ملک کے زیادہ تر حصوں میں اور خاص کر اترپردیش میں شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کی مخالفت میں تشدد کے واقعات پیش آئے ہیں۔ یہ کافی تکلیف دہ اور مایوس کن ہے ۔