دلتوں پر مظالم کا الزام بکواس، بی جے پی امبیڈکر کے راستہ پر: بی جے پی قائد گوتم
نئی دہلی ۔ 15 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس پی کی سپریم لیڈر مایاوتی کے اس اعلان پر کہ وہ مناسب وقت پر بدھ مت قبول کرلیں گی ۔ بی جے پی نے سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لئے انہیں کوئی تماشہ یا ڈرامہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ بی جے پی کے نائب صدر دشنت کمار گوتم نے ایک بیان میں کہا کہ انہیں بدھ مت قبول کرنے کیلئے کسی مناسب وقت کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ بہت سے لوگ بدھ مت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہیں اور اس مذہب میں بہت سی اچھی باتیں بھی ہیں ۔امبیڈکر نے بھی یہی مذہب اختیار کیا تھا ۔ مہاراشٹرا کے پولو گراؤنڈ میں منعقدہ ایک عوامی جلسہ میں مایاوتی نے کہا کہ وہ مناسب وقت پر بدھ مت میں شامل ہوجائیں گی ۔ مہاراشٹرامیں دلتوں کی ایک قابل لحاظ تعداد بدھ مت کو مانتی ہے ۔ گوتم نے اس بات کو بالکل بکواس قرار دیا کہ بی جے پی کی قیادت میں قائم این ڈی اے کی حکومت میں دلتوں پر مظالم ہورہے ہیں۔ گوتم نے کہا کہ اس برادری کے ارکان بی جے پی حکومت کی تائید کر رہے ہیں کیونکہ انہیں ایسا نظر آرہا ہے کہ امبیڈکر نے جو راستہ دکھایا تھا اس پر ہندوستان چل رہا ہے۔