کاماریڈی ضلع پولیس دفتر میں جائزہ اجلاس ، سپرنٹنڈنٹ راجیش چندرا کا خطاب
کاماریڈی ۔ 18 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع پولیس کاماریڈی سپرنٹنڈنٹ ایم راجیش چندرا نے کہا کہ مقدمات کی تفتیش میں معیار کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے اور متاثرین کو بروقت انصاف کی فراہمی پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ضلع پولیس دفتر کے کانفرنس ہال میں اسٹیشن رائٹرس، سرکل انسپکٹرس اور ڈی ایس پی دفاتر کے عملہ کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت دی کہ ایف آئی آر سے لے کر چارج شیٹ تک ہر مرحلہ واضح، مکمل اور خامیوں سے پاک ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیشن رائٹرس کا کردار تفتیشی عمل میں نہایت اہم ہے اور ان کی کارکردگی میں معیار ہوگا تو ہی مجرموں کو سزا اور متاثرین کو فوری انصاف ممکن ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ رائٹرس صرف معلومات درج کرنے تک محدود نہ رہیں بلکہ سائنسی شواہد کو مؤثر انداز میں جمع کر کے کیس کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں۔ سی سی ٹی این ایس میں مقدمات کی تفصیلات کو بروقت آن لائن اپ ڈیٹ کرنے کی بھی سختی سے ہدایت دی گئی۔ایس پی راجیش چندرا نے گواہوں کے بیانات قلمبند کرتے وقت احتیاط برتنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی غلط بیان سے کیس متاثر ہو سکتا ہے، لہٰذا ہر مقدمہ میں مضبوط شواہد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نظام پر عوامی اعتماد کو برقرار رکھنے کیلئے ذمہ داری کے ساتھ فرائض کی انجام دہی ناگزیر ہے۔ اس اجلاس میں ایلارڈی سرکل انسپکٹر راجاریڈی اور ضلع کے مختلف پولیس اسٹیشنوں کے رائٹرس نے شرکت کی۔