متبادل کھلاڑیوں میں میچ جتوانے کی صلاحیت:لانگر

   

برمنگھم9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) زخموں سے پریشان آسٹریلیا کے لئے انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں کچھ نئے چہرے ہی کھیل سکتے ہیں۔کوچ جسٹن لانگر کو بھروسہ ہے کہ یہ متبادل کھلاڑی زخمی کھلاڑیوں کی کمی محسوس نہیں ہونے دیں گے۔ عثمان خواجہ اور شان مارش زخمی ہونے کی وجہ سے ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔ان دونوں کے متبادل کے طور پر میتھیو ویڈ اور پیٹر ہنیڈسکوب کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔آل راؤنڈر مارکس اسٹونس بھی زخمی ہونے کی وجہ سے لیگ مرحلے کے دو میچوں میں بھی نہیں کھیل پائے تھے۔میچل مارش کو متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کر دیا گیا ہے۔ اہم کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف ہونے والے سیمی فائنل سے پہلے مسائل سے دوچار ہے۔لانگر نے کہا کہ دباؤ کسی پر بھی ہو سکتا ہے، میدان پر موجود تمام 22 کھلاڑیوں کے لئے دباؤ ہے۔انہوں نے کہا کہ میتھیو ویڈ نے کافی بین الاقوامی کرکٹ کھیلی ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ کیریئر کے بہترین فارم میں ہے۔لانگر نے کہا کہ پیٹر ہنیڈسکوب نے چند ماہ قبل ہندوستان کو ہندوستان میں3-2 سے شکست دینے میں مدد کی تھی اور پھر پاکستان کے خلاف یو اے ای میں 5-0کی فتح کے دوران بھی کافی اچھی کارکردگی کی تھی۔میچل مارش نے بھی کافی ونڈے کرکٹ کھیلا ہے۔ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمیں تجربے کار متبادل کھلاڑی دستیاب ہوئے ہیں۔