متعدد عالمی نشریاتی اداروں کا اسرائیل کے نام کھلا خط

   

نیویارک: دنیا کے چند سب سے بڑے اداروں سمیت 60 سے زیادہ خبر رساں اداروں نے جمعرات کو ایک کھلے خط پر دستخط کیے جس میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ غزہ میں بین الاقوامی میڈیا کے داخلے اور رپورٹنگ پر پابندیاں فوری طور پر ختم کرے۔سی این این، بی بی سی، اے ایف پی اور ایسوسی ایٹڈ پریس ان 64 میڈیا گروپس میں شامل ہیں جو غزہ کی پٹی تک زیادہ سے زیادہ رسائی کا مطالبہ کرتے ہیں جو سات اکتوبر کے حملے کے بعد اسرائیل کی جارحیت سے مرجھا کر رہ گیا ہے۔غیر سرکاری ادارے کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کے زیرِ اہتمام خط میں کہا گیا، “ہم زیرِ دستخط ادارے درخواست کرتے ہیں کہ اسرائیلی حکام غزہ میں داخل ہونے والے غیر ملکی میڈیا پر عائد پابندیاں فوری طور پر ختم کریں اور اس علاقے تک رسائی کے خواہاں بین الاقوامی خبر رساں اداروں کو آزادانہ رسائی فراہم کریں۔اس میں مزید کہا گیاکہ جنگ کے نو ماہ گذر جانے کے باوجود بھی بین الاقوامی رپورٹرز کو غزہ تک رسائی دینے سے انکار کیا جا رہا ہے سوائے یہ کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے غیر معمولی اور حفاظتی دوروں کا اہتمام کیا گیا ہو۔غیر ملکی رپورٹنگ پر اس مؤثر پابندی نے مقامی رپورٹرز پر ایک ناممکن اور غیر معقول بوجھ لاد دیا ہے کہ وہ ایک ایسی جنگ کو دستاویز شکل دیں جس سے وہ گذر رہے ہیں۔