مثبت سوچ سے زندگی کو قیمتی بنائیں ، سوشیل میڈیا سے دُور رہیں

   

طلبہ و نوجوانوں کو ڈاکٹر محمد قطب الدین ماہر نفسیات امریکہ کا مشورہ ، گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآباد میں لیکچر
ظہیرآباد ۔5 فبروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈاکٹر محمد قطب الدین شجاع ماہر نفسیات امریکہ نے گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیرآبادمیں طلبہ کی ذہنی صحت اور مثبت سوچ کے موضوع پر توسیعی لیکچر سے خطاب کے دوران طلبہ اور اساتذہ پر زور دیا کہ موجودہ مادہ پرست اور مشینی زندگی کے دور میں طلبہ اپنے ذہنوں سے منفی خیالات کو نکالیں اور مثبت سوچ اور صحت مند طرز زندگی سے اپنی زندگی کو قیمتی بنائیں۔ انہوں نے طلبا سے کہا کہ اللہ نے انہیں اشرف المخلوقات کا درجہ دیا اور ہر جاندار اس زمین پر ایک الگ شناخت رکھتا ہے۔ ہمیں اپنی صلاحیتوں کو کھوجنا چاہئے اور سمجھنا چاہئے کہ ہم منفرد ہیں کچھ کر سکتے ہیں ہماری زندگی بیکار نہیں۔ انہوں نے طلبا کو مشورہ دیا کہ وہ سادہ غذا، مناسب ورزش اور سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرتے ہوئے اپنی شخصیت سازی پر توجہ دیں۔ منفی خیالات کو ذہن سے نکالیں اور اپنے سے کم سہولتوں والوں کو دیکھ کر اللہ کا شکر ادا کریں اللہ نے صحت دی۔ایمان کی دولت دی اور اچھے گھرانوں میں ہماری پرورش ہوئی۔ ڈاکٹر قطب الدین شجاع نے طلبہ اور اساتذہ سے ان کے نام پوچھ کر بتایا کہ ہمارے ناموں میں خوشی اور مسرت ہے جس کا اظہار ہماری زندگی میں ہونا چاہئے۔ سماجی جہد کار ارشد حسین حیدرآباد نے اس لیکچر کا اہتمام کیا اور ڈاکٹر قطب الدین شجاع کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر نے عثمانیہ یونیورسٹی سے اُردو میں ایم بی بی ایس کیا۔ نارائن پیٹ کے متوطن گزشتہ تین دہوں سے امریکہ میں ماہر نفسیات ہیں۔ جن سے مشہور باکسر محمد علی بھی علاج کرواتے ہیں۔ اس لیکچر میں ساجد اور دیگر موجود تھے۔ کالج کے پرنسپل پروفیسر محمد اسلم فاروقی نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ سے ڈاکٹر محمد قطب الدین شجاع کا گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد کا دورہ کرنا اور طلبہ کو مفید مشورے دینا کالج کیلئے خوش آئند بات ہے۔ کمشنر کالجیٹ ایجوکیشن اور حکومت تلنگانہ کی جانب سے طلبا کی ذہنی صحت اور ان میں مثبت سوچ پروانے چڑھانے کیلئے لیکچر کا اہمتام کرانے پر زور دیا گیا ہے اور آج کا یہ لیکچر طلبہ کیلئے مفید ثابت ہوگا۔ کالج کی طالبات عائشہ، یسریٰ ، عافیہ ،نمیرہ کالج کے لیکچررس ڈاکٹر محمد تنویر‘ ڈاکٹر نرہری مورتی‘ آمنہ صدیقہ، پریتی اور دیگر نے خطاب کیا اور مفید لیکچر کیلئے ڈاکٹر محمد قطب الدین شجاع کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر کالج میں تیس کلو میٹر کا سفر کرکے تعلیم حاصل کرنے والی جسمانی طور پر معذور فریدہ کو ڈاکٹر صاحب کی جانب سے تیس ہزار روپئے کا عطیہ دینے اور انہیں سفر کیلئے الیکٹرک اسکوٹر دلانے کا اعلان کیا۔ ڈاکٹر محمد قطب الدین شجاع نے اپنی تصانیف حیات عزم و ہمت طلبا کو مطالعے کیلئے تحفے میں دی۔ کالج کی لیکچرر مسرت بیگم نے شکریہ ادا کیا۔