مجالس مقامی انتخابات، نشستوں کی تعداد کا تعین مکمل

   

31 زیڈ پی پی، 566 زیڈ پی ٹی سی، 566 ایم پی پی اور 5773 ایم پی ٹی سی نشستیں
حیدرآباد۔ 16 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے مجالس مقامی انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کرتے ہوئے ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی نشستوں کا تعین کردیا ہے۔ ریاست میں 31 زیڈ پی پی، 566 زیڈ پی ٹی سی، 5773 ایم پی ٹی سی اور 566 ایم پی پی نشستوں کو قطعیت دی گئی ہے۔ گرام پنچایتوں کی تعداد 12778 ہے جن میں وارڈس کی تعداد ایک لاکھ 12 ہزار رہے گی۔ ریاست کے 31 اضلاع میں زیڈ پی پی، زیڈ پی ٹی سی، ایم پی پی اور ایم پی ٹی سی نشستوں کا تعین کرتے ہوئے احکامات جاری کئے گئے۔ اسی دوران حکومت نے ضلع کلکٹرس اور متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کو انتخابی تیاریوں کی ہدایت دی ہے۔ الیکشن مٹیریل کی تیاریوں کے سلسلہ میں ضلع کلکٹرس زیڈ پی سی ای او، ڈی پی او اور پنچایت راج محکمہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی۔ حکومت نے کہا ہے کہ انتخابات کی تیاریوں کے ساتھ چوکس رہیں تاکہ نوٹیفکیشن کی اجرائی کے فوری بعد انتخابی عمل شروع کیا جاسکے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ ہائی کورٹ نے 30 ستمبر تک مجالس مقامی کے انتخابات مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کے لئے حکومت آرڈیننس جاری کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے اور آرڈیننس کی فائل منظوری کے لئے گورنر جشنودیو ورما کو روانہ کی گئی۔ 1