حیدرآباد: تلنگانہ میں مجالس مقامی کے انتخابات کی رائے دہی سے عین قبل تلنگانہ ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن سے پولنگ اور رائے شماری کے موقع پر کورونا وباء سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر رپورٹ طلب کی ہے ۔ 30 اپریل کو رائے دہی اور 3 مئی کو رائے شماری کے موقع پر کئے گئے اقدامات کیلئے دو دن کی مہلت دی گئی ہے ۔ دو کارپوریشنوں اور پانچ میونسپلٹیز میں انتخابات مقرر ہیں اور الیکشن والے اضلاع میں کورونا کیس میں اضافہ پر ہائی کورٹ نے تشویش کا اظہار کیا ۔ ریاستی الیکشن کمیشن دو دن میں حلفنامہ داخل کرتے ہوئے رائے دہندوں اور پولنگ اسٹاف کیلئے قواعد کی پا بندی کی تفصیلات پیش کرے گا ۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے بلدی انتخابی مہم میں کورونا قواعد کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کیا ۔ عدالت نے پولیس کی جانب سے کووڈ گائیڈ لائینس کے نفاذ کے بارے میں رپورٹ پر عدم اطمینان کااظہار کیا ۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کے اس استدلال سے اتفاق کیا کہ بلدی انتخابی مہم کے نتیجہ میں کورونا کیس میں اضافہ ہوا ہے ۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت 29 اپریل کو ہوگی۔