مجالس مقامی زمرہ کی تمام 6 نشستوں پر ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی

,

   

کانگریس اور آزاد امیدواروں کا مظاہرہ مایوس کن، بڑی تعداد میں ووٹ مسترد کئے گئے، ٹی آر ایس میں جشن کا ماحول

حیدرآباد۔/14 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) مجالس مقامی کی 6 ایم ایل سی نشستوں پر ٹی آر ایس نے توقع کے مطابق شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے اس زمرہ کی تمام 12 نشستوں پر قبضہ کرلیا ہے۔ 6 نشستوں پر پہلے ہی بلامقابلہ ٹی آر ایس کے امیدوار منتخب ہوچکے ہیں۔ باقی 6 نشستوں کیلئے 10 ڈسمبر کو رائے دہی ہوئی تھی۔ متعلقہ اضلاع کے ہیڈ کوارٹرس پر آج صبح 8 بجے رائے شماری کا آغاز ہوا اور ایک گھنٹہ میں نتائج کا اعلان کردیا گیا۔ رائے شماری مراکز پر پولیس کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے اور الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق کورونا قواعد پر عمل آوری کی گئی۔ متحدہ ضلع کریم نگر کی 2 نشستوں کے علاوہ کھمم ، نلگنڈہ، میدک اور عادل آباد ضلع میں ایک، ایک نشست کیلئے رائے شماری مقرر تھی۔ متحدہ کریم نگر ضلع میں ٹی آر ایس کے امیدوار ایل رمنا اور بھانو پرساد راؤ کو کامیابی حاصل ہوئی جبکہ میدک میں وی یادو ریڈی، کھمم میں ٹی مدھو، نلگنڈہ میں ایم کوٹی ریڈی اور عادل آباد میں ڈی وٹھل نے اپنے حریف امیدواروں پر بھاری اکثریت سے کامیابی درج کی۔ میدک اور کھمم اضلاع میں ٹی آر ایس کو کانگریس امیدواروں سے مقابلہ تھا جبکہ کریم نگر میں باغی امیدوار سے اصل مقابلہ رہا۔ دیگر اضلاع میں آزاد امیدوار میدان میں تھے۔ کسی بھی حلقہ میں ٹی آر ایس امیدواروں کو کامیابی میں کوئی دشواری نہیں ہوئی۔ متحدہ کریم نگر ضلع میں بھانو پرساد راؤ کو 584 جبکہ ایل رمنا کو 479 ووٹ حاصل ہوئے۔ جملہ رائے دہی علی الترتیب 1320 اور 1303 ووٹوں کی ہوئی تھی۔ مجموعی طور پر 17 ووٹ مسترد کئے گئے۔ میدک ضلع میں ٹی آر ایس امیدوار یادو ریڈی کو 762 ووٹ جبکہ کانگریس امیدوار نرملا جگا ریڈی کو 238 ووٹ حاصل ہوئے۔ آزاد امیدوار کو محض 6 ووٹ حاصل ہوئے۔ 12 ووٹ ناکارہ قرار دیئے گئے۔ نلگنڈہ ضلع میں جملہ رائے دہی 1233 ووٹس کی ہوئی جبکہ رائے دہندوں کی تعداد 1271 تھی۔ عہدیداروں نے 50 ووٹوں کو مسترد کردیا۔ ٹی آر ایس امیدوار پوٹی ریڈی کو917 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ آزاد امیدوار نگیش کو 226 ووٹ ملے۔ ٹی آر ایس امیدوار نے 691 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی درج کی۔ کھمم ضلع میں ٹی آر ایس امیدوار ٹی مدھو کو 480 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ کانگریس امیدوار کے حق میں 242 ووٹس آئے۔ ٹی آر ایس امیدوار نے 238 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ اس حلقہ میں 12 ووٹ مسترد کئے گئے۔ آزاد امیدوار کو محض 4 ووٹ حاصل ہوئے۔ عادل آباد ضلع میں ٹی آر ایس امیدوار ڈی وٹھل کو 740 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ جملہ رائے دہی 862 ووٹوں کی ہوئی تھی۔ آزاد امیدوار کو 74 ووٹ حاصل ہوئے۔ ٹی آر ایس نے 666 ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ اس حلقہ میں 48 ووٹ مسترد کئے گئے۔ حضورآباد ضمنی چناؤ میں شکست کے بعد ٹی آر ایس حلقوں میں مایوسی کا ماحول تھا لیکن مجالس مقامی زمرہ کی تمام 12 ایم ایل سی نشستوں پر کامیابی سے پارٹی حلقوں میں جشن کا ماحول ہے۔ مجالس مقامی زمرہ کی 6 نشستوں پر بلامقابلہ منتخب ہونے والے ایم ایل سی ارکان میں کے کویتا( نظام آباد )، پی مہیندر ریڈی ، ایس راجو( رنگاریڈی )، پی سرینواس ریڈی ( ورنگل )، کے نارائن ریڈی، کے دامودھر ریڈی( محبوب نگر ) شامل ہیں۔ ر