مجالس مقامی کے دوسرے مرحلہ کیلئے رائے دہی مکمل

   

حیدرآباد ۔ 10 مئی (پی ٹی آئی) تلنگانہ میں دیہی مجالس مقامی کے انتخابات کے دوسرے مرحلہ کے تحت ضلع پرجاپرشید اور منڈل پرجا پریشد کیلئے جمعہ کو ووٹ ڈالے گئے۔ آج 179 زیڈ پی ٹی سیز کیلئے رائے دہی ہوئی اور مقابلے کرنے والے 805 امیدواروں کے مقدر کا فیصلہ محفوظ ہوگیا۔ دوسرے مرحلہ کے تحت 1,850 ایم پی ٹی سیز کیلئے رائے دہی ہوئی جس کیلئے 6,146 امیدوار میدان میں تھے۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے کہا کہ صبح 7 بجے رائے دہی شروع ہوئی اور شام 5 بجے تک ووٹ ڈالے گئے۔ تاہم نکسلائیٹس سرگرمیوں سے متاثرہ علاقوں میں ایک گھنٹہ قبل یعنی 4 بجے شام ہی رائے دہی ختم ہوگئی۔ واضح رہیکہ 539 زیڈ پی ٹی سیز اور 5,617 ایم پی ٹی سیز کیلئے ریاستی الیکشن کمیشن نے گذشتہ ماہ شیڈول کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق پہلے مرحلہ کے تحت 6 مئی، دوسرے مرحلہ کے تحت 10 مئی کو ووٹ ڈالے گئے۔ تیسرے اور آخری مرحلہ کیلئے 14 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ تلنگانہ میں گذشتہ سال ڈسمبر میں اسمبلی کیلئے اور پنچایت کیلئے اس سال جنوری میں ووٹ ڈالے گئے تھے اور 11 اپریل کو لوک سبھا کے 17 حلقوں کیلئے رائے دہی ہوئی تھی جن کے نتائج کا 23 مئی کو اعلان کیا جائے گا۔