مجسمہ گاندھی کیلئے غریبوں کے مکانات کو منہدم نہ کیا جائے: بنڈی سنجے

   

جی ایچ ایم سی ہو یا اسمبلی انتخابات بی جے پی شاندار کامیابی حاصل کرے گی
حیدرآباد ۔2 ۔ مارچ (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے نے گاندھی کے مجسمہ کیلئے غریب عوام کے مکانات کو منہدم کرنے کے خلاف حکومت کو سخت انتباہ دیا ۔ آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ بفر زون ، ایف ٹی ایل کے نام پر غریب عوام کے مکانات کو منہدم کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا ئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اسدالدین اویسی کے کالج کو جب منہدم کرنے کا وقت آیا تو امتحانات کا بہانہ کرتے ہوئے انہدامی کارروائی روک دی تھی لیکن جب کھمم میں مکانات منہدم کئے جارہے تھے ، تب انٹرمیڈیٹ کے امتحانات بھی چل رہے تھے لیکن ریونت ریڈی حکومت کو ان غریب طلبہ کے امتحانات یاد نہیں آئے ۔ اویسی بردارس کے آنکھوں میں خوشی دیکھنے کیلئے ہندوؤں جو جیل میں ڈالنے کا الزام عائد کیا۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے نے کہا کہ تلنگانہ حکومت مندروں کا انہدام کر رہی ہے اور ہندوؤں پر ہونے والے حملوں کا تماشہ دیکھ رہی ہے۔ صرف ایک طبقہ کو خوش کرنے کیلئے سماج کے دوسرے طبقوں کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے جس کی بی جے پی سخت مذمت کرتی ہے۔ ہندو ، مذہبی عبادتوں ، اور ہندوؤں پر ہونے والے حملوں کو فوری نہیں روکا گیا تھا اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے اور ساری ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوؤں کے صبر کو کمزوری سمجھنے کی غلطی نہ کریں۔ اگر بی جے پی چاہی تو کانگریس کا کوئی بھی قائد گھر سے باہر نہیں نکل پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین گروپ بندیوں اور اختلافات کا شکار ہوچکے ہیں۔ تمام قائدین کو سمجھانے بجھانے کیلئے حیدرآباد آئے ہیں لیکن کانگریس حکومت عوامی اعتماد سے محروم ہوچکی ہے۔ جی ایچ ایم سی ہو یا آئندہ اسمبلی انتخابات ہر ایک میں بی جے پی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ 2