بیوی کو مار پیٹ کرنے کا الزام ، چندرائن گٹہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔8 ۔ستمبر (سیاست نیوز) چندرائن گٹہ پولیس نے ایک مجلسی کارکن سید رحیم الدین کو اپنی بیوی سے مبینہ مارپیٹ کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق سید وحید الدین نے چندرائن گٹہ پولیس سے ایک شکایت درج کراتے ہوئے اپنی بہنوئی سید رحیم الدین پر الزام عائد کیا کہ اس نے سیدہ ناہیدہ بیگم جو این آر کیو 24 نیوز کی ایڈیٹر ہے، سے مارپیٹ کی ۔ شکایت میں یہ بھی بتایا گیا کہ سید رحیم الدین نے سال 2000 میں سیدہ ناہیدہ بیگم سے شادی کی تھی اور انہیں تین بچے بھی ہیں اور پہاڑی شریف علاقہ میں مقیم ہیں۔ 2 ستمبر کی شام رحیم الدین مبینہ طور پر اپنی بیوی ناہیدہ بیگم سے جھگڑا کیا جس کے نتیجہ میں ناہیدہ اور اس کے بچے یوسفین کالونی چندرائن گٹہ آگئے تھے۔ بتایا گیا کہ برہمی کی حالت میں رحیم الدین اپنی بیٹی کی فوری طور پر شادی کرنے کی بات بتائی اور ناہیدہ کو فوری طور پر گھر واپس آنے کا انتباہ دیا اور اس کی بات نہ ماننے پر جان سے مارنے کی بھی دھمکی دی۔ اسی دوران رحیم الدین اپنی بیوی پر کرسی اور ہاتھوں سے بری طرح مارکر زخمی کردیا ۔ اس جھگڑے کی شور و غل سن کر مقامی عوام وہاں جمع ہوگئی جس کے نتیجہ میں رحیم الدین وہاں سے فرار ہوگیا۔ سیدہ ناہیدہ بیگم کو علاج کیلئے دواخانہ منتقل کیا گیا اور چندرائن گٹہ پولیس نے رحیم الدین کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 448 ، 324 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔ واضح رہے کہ جاریہ سال جون میں ناہیدہ بیگم نے مبینہ طور پر اقدام خودکشی کی تھی جس کے نتیجہ میں اسے علاج کے لئے وہاں کے ایک دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا اور اس خاتون کی شکایت پر پرانے شہر کے سماجی کارکن سید سلیم کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا تھا۔ ناہیدہ نے سید سلیم پر یہ الزام عائد کیا کہ سوشیل میڈیا پر انہوں نے غلط بیانی کی جس سے وہ دلبرداشتہ ہوکر انتہائی اقدام کرنے پر مجبور ہوگئی ۔ B