نئی دہلی: وزارت خزانہ کے تحت کام کرنے والے سینٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکس (سی بی ڈی ٹی) نے ہفتہ کو کہا کہ رواں مالی سال 2022-23 میں 10 مارچ تک براہ راست ٹیکس کی مجموعی وصولی سالانہ بنیادوں پر 22.58 فیصد اضافے کے ساتھ 16.68 لاکھ کروڑ رہی۔ سی بی ڈی ٹی کی جانب سے وزارت کے ذریعہ جاری کردہ عارضی اعداد و شمار کے مطابق اس مدت کے دوران ریفنڈز میں کٹوتی کے بعد خالص براہ راست ٹیکس کی وصولی 13.73 لاکھ کروڑ روپے رہی، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران خالص وصولی سے 16.78 فیصد زیادہ ہے ۔وزارت نے کہا کہ زیر جائزہ مدت کے دوران براہ راست ٹیکس کی وصولی کل سالانہ بجٹ تخمینہ کا 96.67 فیصد ہے اور یہ رواں مالی سال کے براہ راست ٹیکسوں کی مجموعی وصولی کے نظرثانی شدہ تخمینہ کا 83.19 فیصد ہے ۔ وزارت کے مطابق گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے اس مدت کے دوران کارپوریٹ انکم ٹیکس (سی آئی ٹی) میں 18.08 فیصد اور پرسنل انکم ٹیکس (پی آئی ٹی) میں 27.57 فیصد کا اضافہ ہوا تھا ۔