’’مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے‘‘ : ویراٹ کوہلی

   

لیڈز۔ 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کو ورلڈ کپ میں گروپ مرحلے کے اپنے آخری میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دینے اور پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست مقام پر رہنے کے بعد ہندستانی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ وہ ٹیم کی کارکردگی سے بے حد خوش ہیں اور انہیں اپنی اس ٹیم پر فخر ہے ۔ہندوستان کا اب سیمی فائنل میں مقابلہ چوتھے نمبر کی ٹیم نیوزی لینڈ سے 9 جولائی کو مانچسٹر میں ہوگا۔ میچ کے بعد کوہلی نے کہاکہ ہم اچھی کارکردگی کرنا چاہتے تھے ۔ ایمانداری سے کہوں تو مجھے امید نہیں کی تھی کہ ہم سرفہرست جگہ پر رہتے ہوئے سیمی فائنل میں جائیں گے لیکن ٹیم کی مسلسل اچھی کارکردگی اور محنت کی وجہ سے یہ ممکن ہو سکا ہے ۔ واقعی میں اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں اور کافی فخر محسوس کر رہا ہوں۔ ہندستان کے لئے کھیلنا ہم سب کے لئے انتہائی اعزاز کی بات ہے ۔کپتان نے کہاکہ آگے کی آزمائش کے لئے ٹیم تیار ہے لیکن ہم ہمیشہ ایک پہلو کو لے کر نہیں چل سکتے ہیں۔ میرے خیال سے ٹیم تبدیلی کے لئے تیار ہے اور زیادہ موقع ملنے سے وہ اپنے کھیل کو نئے طول و عرض دے سکتے ہیں۔ میچ میں پچ کا اہم رول ہوتا ہے تو ہمیں اس کے حساب سے ایک متوازن ٹیم رکھنی ہوگی اور جو بھی کمبینیشن حالات کے حساب سے فٹ بیٹھے ہم اس کے ساتھ آگے بڑھیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہم میچ میں کافی اعتماد کے ساتھ کھیلتے ہیں۔ ہم پہلے بیٹنگ یا بولنگ دونوں میں سے کچھ بھی کرتے ہیں تو اس میں ہم حالات کو دیکھتے ہوئے ٹیم میں تال میل رکھتے ہیں اور اس کے حساب سے ہم جہاں پہنچے ہیں میں اس سے خوش ہوں۔سیمی فائنل کے اپنے حریف کے لئے ویراٹ نے کہاکہ ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہمارا مقابلہ کس ٹیم سے ہے۔ اگر ہم اچھا نہیں کھیلیں گے تو کوئی بھی ٹیم ہمیں ہرا سکتی ہے۔