مجھے تمام صنعت کاروں نے بدعنوانی کی جانکاری دی:کمل ناتھ

   

بروانی: مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی کانگریس کے صدر کمل ناتھ نے آج دعویٰ کیا کہ ماضی میں کامرس اور صنعت کے مرکزی وزیر کے عہدہ پر فائز رہنے کی وجہ سے ان کے ملک کے تمام صنعت کاروں کے ساتھ تعلقات تھے اور ان صنعتکاروں نے انہیں بتایا کہ مدھیہ پردیش میں بہت زیادہ بدعنوانی ہے ۔ کمل ناتھ نے یہ دعویٰ بروانی ضلع کے پاٹی میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے ان صنعت کاروں سے ریاست میں سرمایہ کاری کے بارے میں بات کی تو انہوں نے بتایا کہ مدھیہ پردیش میں اوپر سے نیچے تک بدعنوانی ہے ۔ اس کے بعد انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے مدھیہ پردیش کو گھپلوں والی ریاست، جرائم کی ریاست بنا دیا ہے ۔ نوجوانوں کی بے روزگاری سب سے بڑا مسئلہ ہے ۔ تقریباً ایک کروڑ نوجوان بے روزگار ہیں جن میں سے تقریباً 45 لاکھ رجسٹرڈ ہیں۔ اب نوجوانوں کا رجسٹریشن سے اعتماد اٹھ گیا ہے ۔ اسی سلسلے میں ضلع بروانی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آج بروانی کا شمار ملک کے پسماندہ ترین اضلاع میں ہوتا ہے ۔ سڑکوں سے لے کر صحت اور تعلیم تک، بروانی ہر پیمانہ پر بری طرح پیچھے ہے ۔