مجھ پر حملہ کیا گیا تو حضور آباد میں آگ بھڑک اٹھے گی

   

ایٹالہ راجندر کا انتباہ، ٹی آر ایس پر انتخابی مہم میں 100 کروڑ خرچ کرنے کا الزام

حیدرآباد۔/3 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حضورآباد سے بی جے پی امیدوار ایٹالہ راجندر نے انتباہ دیا کہ اگر ان پر حملہ ہوتا ہے تو حضورآباد میں آگ بھڑک اٹھے گی۔ حضورآباد میں بی جے پی کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے راجندر نے کہا کہ ٹی آر ایس کی جانب سے ان پر حملہ کی سازش تیار کی گئی ہے تاکہ بی جے پی کارکنوں کے حوصلوں کو پست کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ کے ذریعہ ٹی آر ایس انتخابی کامیابی کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ کی جرأت کی گئی تو حضورآباد میں آگ بھڑک اٹھے گی اور چیف منسٹر کے سی آر کو بعد کے نتائج کی ذمہ داری قبول کرنی پڑے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حضورآباد میں ٹی آر ایس 100 کروڑ روپئے خرچ کررہی ہے۔ عوامی تائید کے بغیر دولت اور اقتدار کے ذریعہ کامیابی کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر میں اصول پسندی ہے تو انہیں شفافیت کے ساتھ انتخابات لڑنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس لاکھ کوشش کرلے لیکن اس کی ضمانت بھی نہیں بچے گی۔ راجندر نے کہا کہ کے سی آر سازشوں کے علاوہ شراب ، دولت اور ایڈمنسٹریشن کے استعمال کے ذریعہ کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ راجندر نے کہا کہ وہ اپنے تحفظ کیلئے صرف گن مینوں پر انحصار کئے ہوئے نہیں ہیں۔ مجھ جیسے کارکنوں کا تحفظ کرنا تلنگانہ عوام کی ذمہ داری ہے۔ راجندر نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران اور آج بھی ان کی سیکوریٹی میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا کیونکہ وہ عوام پر بھروسہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض گوشوں سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ بی جے پی دلت بندھو اسکیم کے خلاف ہے حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ حکومت کی یہ اسکیم محض انتخابی حربہ کے علاوہ کچھ نہیں۔ر