حیدرآباد ۔ یکم؍ نومبر(سیاست نیوز ) خاتون ڈاکٹر کو محبت کیلئے ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے والے ایک بدمعاش کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ شی ٹیم رچہ کنڈہ کی کارروائیوں میں لڑکی کو محبت کیلئے والدین پر دباؤ ڈالنے اور ایک لڑکی کو محبت نہ کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے کو بھی شی ٹیم نے گرفتار کرلیا ۔ رچہ کنڈہ شی ٹیم کے مطابق بوڈ اپل کی ایک خاتون ڈاکٹر کو محبت کے نام پر ہراساں کرنے والے بدمعاش کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ خاتون ڈاکٹر پر محبت کیلئے دباؤ ڈالا جارہا تھا اور ایک دن جنونی عاشق ڈاکٹر کے ہاسپٹل پہنچا اور تماشہ کرکے بدسلوکی کی، گالی گلوج کرکے خاتون ڈاکٹر کو مارپیٹ کا نشانہ بنایا۔ خاتون ڈاکٹر نے شی ٹیم سے شکایت کی اور پولیس نے اسے گرفتار کرلیا ۔ دوسرے واقعہ میں ولی گونڈا پولیس نے ایک جنونی عاشق کو گرفتار کرلیا جو لڑکی کو محبت کیلئے پریشان کررہا تھا اس کے خوف سے لڑکی نے کالج ترک کردیا جس کے بعد بھی سر پھرے عاشق نے اسے پریشان کرنا نہیں چھوڑا اور لڑکی کے والدین پر دباؤ ڈالنے لگا۔ لڑکی کے والدین نے شی ٹیم چوپ اپل سے شکایت کی اور پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بھونگیر میں لڑکی کو جنسی خواہش پورا کرنے کا مطالبہ کرکے ہراساں کرنے والے کو شی ٹیم نے گرفتار کرلیا۔ شی ٹیم رچہ کنڈہ نے 16 اکتوبر تا 30 اکتوبر کے درمیان کارروائی میں 50 مقدمات درج کئے۔ 37 چھوٹے مقدمات کئے گئے پولیس کو 28 واٹس ایپ 26 شکایت فون اور مسیجس سے ملی اور کئی منچلے افراد کی کونسلنگ انجام دی۔ ع