محبت کے درمیان کوئی دیوار نہیں ہوتی اورخالص ہو تو اس کی عزت کرنی چاہئے

   

بھوپال: مدھیہ پردیش میں مذہب کی تبدیلی اور لوجہاد کا معاملہ گرم ہو رہا ہے۔ اس کو لیکر بی جے پی لیڈر پنکجا منڈے کا بڑا بیان سامنے آیا ہے۔ جبل پور میں صحافیوں کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محبت ہوتی ہے،اس میں کوئی دیوار نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا ہے کہ اگر محبت خالص ہے تو اس کا احترام کیا جانا چاہئے لیکن اگر تلخی اور سازش ہے تو اسے مختلف نظریہ سے دیکھنا چاہئے۔واضح رہے کہ جبل پور میں میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں پنکجا منڈے نے کہا کہ اگر دو لوگ پیار سے اکٹھے ہوئے ہیں تو اس کا احترام کیا جانا چاہئے، لیکن اس میں کسی قسم کی سازش نہیں ہونی چاہئے۔پریس کانفرنس کے دوران ‘لو جہاد پر ایک مخصوص سوال پر، سینئر بی جے پی لیڈر نے کہا کہ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت کا کبھی بھی ایجنڈا نہیں رہا۔ لوجہاد جیسا کوئی موضوع بھی مودی حکومت کے ایجنڈے پر نہیں ہے۔ بات چیت ہمیشہ ترقی اور تعمیر نو پر مرکوز ہوتی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی توجہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ بی جے پی کی سکریٹری پنکجا منڈے نے کہا ہیکہ بی جے پی ریاست میں انتخابات کیلئے پوری طرح سے تیار ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک بار پھر بی جے پی اسمبلی انتخابات جیت کر اقتدار میں واپس آئے گی۔ غور طلب بات یہ ہے کہ اس سال کے آخر میں مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ بی جے پی پہلے ہی جیت کا دعویٰ کر رہی ہے۔ جبل پور میں بھی انہوں نے لاڈلی بہنا اسکیم کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کا ریاست کی تقریباً 1.25 کروڑ خواتین کو ایک ایک ہزار روپے دینے کا قدم قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے مرحوم والد گوپی ناتھ منڈے کے نقش قدم پر چل کر بی جے پی کی خدمت کر رہی ہیں۔