محبوبہ مفتی ایام نظربندی تلاوت قرآن، ادائیگی نماز، میں گزار رہی ہیں

   

سری نگر، 16 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی جن کا اکثر وقت سیاسی سرگرمیوں میں گزرتا تھا اب یہاں مولانا آزاد روڑ پر واقع سرکاری کوارٹر میں ایام نظربندی تلاوت قرآن پاک، ادائیگی نماز پنجگانہ، قطری نشریاتی ادارہ الجزیرہ ٹی وی دیکھنے اور کتابیں پڑھنے میں گزار رہی ہیں۔ساٹھ سالہ محبوبہ مفتی، جنہیں پانچ اگست 2019ء کو حراست میں لیکر چشمہ شاہی کے گیسٹ ہائوس میں نظربند کیا گیا تھا، کو گزشتہ برس نومبر کے وسط میں مولانا آزاد روڑ پر واقع سرکاری کوارٹر منتقل کیا گیا جہاں ان کے لئے سرما کے پیش نظر گرما کا خاطر خواہ انتظام کیا گیا تھا۔التجا مفتی نے اپنی والدہ کی نظربندی کے دوران مصروفیات کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے یو این آئی اردو کو بتایا: ‘محبوبہ جی جو ہمیشہ اپنے لوگوں کے بیچ رہنا پسند کرتی تھیں اب اپنی نظربندی کے دوران الجزیرہ ٹی وی دیکھتی ہیں، کتابیں پڑھتی ہیں، قرآن پاک کی تلاوت کرتی ہیں، پانچ وقت کی نماز پابندی سے ادا کرتی ہیں۔ محبوبہ مفتی وقت گزاری اور اکتاہٹ کو دور کرنے کے لئے عالمی شہرت یافتہ مصنفین جیسے الف شفق، رضا اصلان، امیتو گھوش، نیلسن منڈیلا کی کتابیں پڑھتی ہیں۔