محبوب عالم خاں کون ہیں، نہیں جانتا: بیرسٹر اسدالدین اویسی

,

   

تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس کے میٹ دی پریس میں بی جے پی اور کانگریس پر شدید تنقید

حیدرآباد۔22۔نومبر(سیاست نیوز) بیرسٹر اسدالدین اویسی نے تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس کے زیر اہتمام منعقدہ ’ میٹ دی پریس ‘ سے خطاب کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی سے زیادہ کانگریس کو نشانہ بنایا اور کہا کہ کانگریس کے پاس مسلم ووٹ کے علاوہ کوئی ووٹ باقی نہیں ہیں۔ انہوں نے میٹ دی پریس کے دوران پوچھے گئے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جمہوری اصولوں کو برقرار رکھنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ بیرسٹر اویسی نے گذشتہ یوم ان کے چھوٹے بھائی کی انتخابی تقریر کے دوران پولیس کی رکاوٹ کے متعلق دریافت کرنے پر کہا کہ 10 بجے تک انتخابی مہم کی اجازت ہے اور جب 5منٹ قبل کوئی عہدیدارگھڑی دکھاتے ہوئے شہ نشین پر چڑھنے لگے تو اسے روکا جائے گا کیونکہ یہ دیئے گئے اجازت نامہ کی خلاف ورزی ہوگی۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو مشورہ دیا کہ وہ اس طرح کے موضوعات کو زیادہ نہ اچھالیں۔ صحافیوں نے صحافت سے ملاقات کے اس پروگرام کے دوران بیرسٹر اسد اویسی سے ریاستی وزیر داخلہ محمود علی اور نواب محبوب عالم خان کے درمیان جاری تنازعہ اور بیان بازی کے متعلق استفسار کیا جس پر بیرسٹراویسی نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ محبوب عالم خان کون ہیں!انہوں نے اس موقع پر کانگریس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کانگریس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ بیرسٹر اسدالدین اویسی صدر مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد کی جانب سے صحافت سے ملاقات کے اس پروگرام کے دوران کئی سوالات کے جواب دیئے گئے اور تلنگانہ میں دوبارہ بی آر ایس کے اقتدار کی پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا گیا کہ ریاست میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تیسری معیاد کے لئے چیف منسٹر کے عہدہ کا حلف لیں گے۔