مفاد پرست کمزور ، ملک کی سالمیت کواستحکام یقینی،کانگریس اقلیتی قائدین کی پریس کانفرنس
محبوب نگر /27 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کی آج ملک کو شدید ضرورت تھی ۔ اس یاترا سے مفاد پرست سیاسی طاقتیں جہاں کمزور ہوں گی وہیں یقیناً ملک کی سالمیت بھی مستحکم ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار آج دوپہر مستقر محبوب نگر پر کانگریسی قائدین محمد طاہر نائب صدر ٹاون کانگریس کمیٹی اور خواجہ عظمت علی چیرمین اقلیتی سیل ٹاون کانگریس محبوب نگر نے پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ جب سے راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کا آغاز ہوا ہے تب سے ہی ضلع محبوب نگر کے عوام اس یاترا کا استقبال کرنے کیلئے بے چین تھے ۔ اب وہ دن آچکا ہے ۔ عوام بڑی تعداد میں راہول کی یاترا کے استقبال کیلئے تیار ہیں ۔ ان قائدین نے بتایا کہ جمعہ کے دن شام راہول کی بھارت جوڑو یاترا بوکالونی پلی (مینم کنڈہ ) میں داخل ہوجائے گی ۔ راہول کارنر میٹنگس سے خطاب کریں گے ۔ اور وہ پیدل اوبلایا پلی سے ہوتے ہوئے دوماپور محبوب نگر کے نواح میں داخل ہوں گے اور جئے پرکاش نارائن کالج آف انجینئیرنگ میں شب بسری کریں گے ۔ ہفتہ کی صبح 6 بجے سے ان کی یاترا دھرماپور سے سالم نگر ون ٹاون پولیس اسٹیشن ، اشوک ٹاکیز سرکل امبیڈکر سرکل نیو ٹاون ، گورنمنٹ ہاسپٹل ، وینکٹیشورا کالونی ، پدماوئی کالونی ، سرینواس کالونی سے ہوتے ہوئے گوپال گارڈن نلگنڈہ میں توقف کریں گے ۔ جہاں ظہرانہ کا نظم کیا گیا ہے ۔ صدر ضلع کانگریس عبیداللہ کوتوال نے سیاست نیوز کو بتایا کہ راہول گاندھی کی یاترا کے تعلق سے عوام میں زبردست جوش و خروش دیکھا جارہا ہے ۔ جو اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ آج ملک میں نفرت اور عدم مساوات کو عام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ہمارا ملک جس بھائی چارگی اور سیکولرازم کیلئے دنیا بھر میں مشہور تھا آج اس کی سیکولر شبیہ بگارنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ملک کا معاشی نظام درہم برہم ہے اور فرقہ واریت کی بنیاد پر سیاست چلائی جارہی ہے ۔ راہول گاندھی جو نہ صرف سیاستدان ہیں بلکہ ایک محب وطن مدبر ہیں ملک کے حالات کے تناظر میں اس عظیم بھارت جوڑو یاترا کا آغاز کردیا ہے ۔ ملک کی تاریخ میں ملک کی سالمیت اور استحکام کیلئے راہول کی طویل ترین ریالی کو عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔ جس انداز سے اس یاترا کو عوام کی زبردست تائید و حمایت حاصل ہو رہی ہے ۔ اس سے عوام دشمن طاقتیں خائف ہیں ۔ انہیں اندازہ ہوچکا ہے کہ ملک کے عوام کی اکثریت بھائی چارگی ، اخوت اور سیکولرازم کو طاقتور دیکھانا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس بامقصد اور زبردست ریالی کا شایان شان استقبال کریں تاکہ عوام دشمن طاقتوں کو اندازہ ہوجائے کہ ہم کبھی ان کے عزائم کے کامیاب ہونے نہ دیں گے ۔