محبوب نگر میں اے ٹی ایم کو لوٹنے والی ٹولی گرفتار

   

محبوب نگر۔ ہریانہ اور اتر پردیش سے تعلق رکھنے والی اے ٹی ایم لوٹنے والے سارقوں کی ٹولی کو بالآخر پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ڈی ایس پی محبوب نگر کی قیادت میں جڑچرلہ پولیس نے سارقین کو گرفتار کرلیا۔ ضلع ایس پی ریما راجیشوری نے ٹولی کے ارکان کو میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 28 ستمبر کی شب جڑچرلہ کے سگنل گڈہ میں ایس بی آئی، اے ٹی ایم مشین کو توڑ کر زائد از 41 لاکھ روپئے کی رقم اس ٹولی نے سرقہ کی تھی۔ ضلع ایس پی نے کہا کہ یہ ایک ہائی پروفیشنل بین الریاستی ٹولی ہے جو ہوائی جہازاور لکثرری کاروں میں سفر کرتے ہوئے گیاس کٹر و دیگر اوزار سے اے ٹی ایم مشینوں کو کٹ کرکے بھاری رقم لے کر فرار ہوجاتے اور سرقہ کیلئے مقامی جرائم پیشہ افراد سے مدد لیا کرتے تھے۔ ٹولی کا اصل دماغ صابر خان ہریانہ سے تعلق رکھتا ہے جبکہ زاہد خان بھی ہریانہ کا ہے۔ ان کے علاوہ دھنویر گجر اتر پردیش، شکیب ہریانہ اور حیدرآباد کے محمد رحمن اور سید احمد بھی ٹولی کے ارکان ہیں۔ ان کے قبضہ سے زائد از 12 لاکھ نقد ، سوئفٹ کار، 3 موبائیل فون ، گیاس سلینڈر، کٹر و دیگر اوزار ضبط کرلئے گئے۔ کئی بینکس کے اے ٹی ایم کارڈ بھی ضبط کئے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صابر خان پر حیدرآباد اور ہریانہ میں تقریباً18 کیسس درج ہیں۔ یہ ٹولی اے ٹی ایم مشینوں کو توڑ کر رقم لوٹنے میں ماہر ہے۔ ماسک لگاکر سی سی کیمروں کو تباہ کرکے اپنا کام کرلیا کرتے تھے۔ سارقین کی گرفتاری پر ضلع ایس پی نے پولیس عملہ کو مبارکباد پیش کی۔