حیدرآباد۔25اگسٹ(سیاست نیوز) محبوب چوک مارکٹ کا مستقبل کیا ہے!مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے پرانے شہر کے ترقیاتی کاموں میں محبوب چوک مارکٹ کی جگہ ہمہ منزلہ کامپلکس کی تعمیر کے منصوبہ کا اعلان کیا گیا تھا اور اس کامپلکس میں موجود دکانات کے مالکین کو کسی قسم کا اعتراض نہ ہو اس کے لئے یہ بھی تیقن دیا گیا تھا کہ اس کامپلکس میں موجود تاجرین کو ترجیحی بنیادوں پر نو تعمیر شدہ کامپلکس میں جگہ فراہم کی جائے گی۔تشکیل تلنگانہ کے بعد ریاستی حکومت کے محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے تیا رکئے جانے والے منصوبہ کے مطابق محبوب چوک( چوک مرغاں ) کی موجودہ قدیم عمارت کی جگہ ہمہ منزلہ تعمیر کے منصوبہ کو مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے سال 2017 میں منظوری دی تھی لیکن اب تک بھی محبوب چوک مارکٹ کی حالت جوں کی توں ہیں بلکہ اس میں کوئی تبدیلی نہیں لائی گئی ہے اور نہ ہی کوئی بجٹ کی منظوری دی گئی ہے۔پرانے شہر میں ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں استفسار کے ساتھ ہی بلدی عہدیداروںکی جانب سے کہا جا رہاہے کہ جلد ہی ان کاموں کا آغاز کیا جائے گا لیکن عملی طور پر اگر اس با ت کا جائزہ لیا جائے تو پرانے شہر کے ترقیاتی کاموں کو محض ٹال مٹول کے ذریعہ نظر انداز کیا جاتا ہے اور اس سلسلہ میں توجہ دہانی کیلئے کوئی منتخبہ نمائندوں کی جانب سے دباؤ نہیں ڈالا جاتا اور نہ ہی مؤثر نمائندگی کی جاتی ہے جس کی وجہ سے پرانے شہر میں ترقیاتی پراجکٹس کے اعلانات کئے جاتے ہیں لیکن ان پراجکٹس کو شروع نہیںکیا جاتا اور اگر کوئی پراجکٹ شروع بھی ہوتا ہے تو کئی برسوں تک ان پر کام جاری رہتا ہے اسی طرح محبوب چوک مارکٹ کو ہمہ منزلہ کامپلکس کا منصوبہ بھی جوں کا توں ہے۔M