ریونت ریڈی کے روڈ شو کے بعد کانگریس کے موقف میں بہتری، ووٹوں کی تقسیم روکنے پر توجہ
حیدرآباد۔/22 نومبر، ( سیاست نیوز) انتخابات کے موسم میں سیاسی پارٹیوں اور ان کے امیدواروں کی جانب سے وعدے اور اعلانات کوئی نئی بات نہیں لیکن رائے دہندے کارکردگی اور ریکارڈ کی بنیاد پر تائید یا مخالفت کا فیصلہ کرتے ہیں۔ حیدرآباد کے اسمبلی حلقہ جات میں اس مرتبہ جوبلی ہلز پر عوام کی نظریں ہیں کیونکہ وہاں اس مرتبہ ایک کرکٹ اسٹار تلنگانہ میں پہلی مرتبہ اپنی سیاسی اِننگز کا آغاز کررہے ہیں۔ محمد اظہر الدین کا جوبلی ہلز میں بی آر ایس سے راست مقابلہ ہے اور رائے دہندے اس بات کی کوشش کررہے ہیں کہ مخالف حکومت ووٹ تقسیم نہ ہونے پائیں۔ مجلس نے شیخ پیٹ ڈیویژن کے کارپوریٹر کو اپنا امیدوار بنایا ہے جس کے نتیجہ میں مسلم ووٹس کی تقسیم کا اندیشہ دکھائی دے رہا ہے۔ اب جبکہ رائے دہی کو صرف ایک ہفتہ باقی ہے محمد اظہر الدین نے اپنی مہم میں شدت پیدا کرتے ہوئے رائے دہندوں سے گھر گھر پہنچ کر ربط قائم کرنا شروع کردیا ہے۔ پدیاترا کے ذریعہ عوام کو وہ یہ بھروسہ دلارہے ہیں کہ کامیابی کی صورت میں علاقہ کی پسماندگی کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح رہے گی۔ ریونت ریڈی کے جوبلی ہلز میں روڈ شو کے بعد کانگریس کے حق میں لہر پیدا ہوچکی ہے۔ ریونت ریڈی نے عوام کو یقین دلایا کہ جوبلی ہلز کی نئی صورت گیری کی جائے گی اور محمد اظہر الدین ایک عوامی خدمت گذار ثابت ہوں گے۔ محمد اظہر الدین روزانہ دو مرتبہ مختلف علاقوں میں اپنی مہم چلارہے ہیں اور انہیں تمام طبقات کی تائید حاصل ہورہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کانگریس پارٹی پر عوام کو بھروسہ ہے اور تلنگانہ میں حکومت کی تشکیل کے ساتھ ہی جوبلی ہلز کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گذشتہ دس برسوں کے دوران مقامی رکن اسمبلی نے علاقہ کی ترقی اور غریبوں کیلئے سرکاری اسکیمات پر عمل آوری میں کوئی دلچسپی نہیں لی۔ غریبوں کیلئے ڈبل بیڈ روم مکانات اور دیگر امدادی اسکیمات کے معاملہ میں جوبلی ہلز دیگر اسمبلی حلقہ جات سے پیچھے ہے۔ محمد اظہر الدین نے کانگریس کی 6 ضمانتوں پر عاجلانہ عمل آوری کا تیقن دیا ہے۔