حیدرآباد: تلنگانہ قانون ساز کونسل کے سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر کو بہار اسمبلی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلہ کی مہم کیلئے سیمانچل علاقہ کا الیکشن کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے ۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے الیکشن وار روم کے انچارج اور سابق رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر اجئے کمار نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے ۔ محمد علی شبیر سیمانچل میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے آج بہار کیلئے روانہ ہوگئے ۔ انتخابی مہم میں اسٹار کیمپینر کی حیثیت سے وہ تیسرے مرحلہ کی انتخابی مہم کے تحت قابل لحاظ مسلم آبادی والے علاقوں کا دورہ کریں گے ۔ بہار اسمبلی انتخابات کانگریس اور اس کی حلیف جماعتوں کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں ۔ کانگریس نے آر جے ڈی کے ساتھ مل کر مہم میں شدت پیدا کردی ہے اور اس اتحاد کی کامیابی کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر اجئے کمار نے اپنے مکتوب میں کہا کہ کانگریس پارٹی محمد علی شبیر کے تجربہ اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں سے استفادہ کرنا چاہتی ہے۔ اسی دوران محمد علی شبیر نے آج سیمانچل میں مقامی کانگریس قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتخابی مہم کی حکمت عملی طئے کی ہے۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی رہنمائی میں سیمانچل کے تمام اسمبلی حلقوں میں مہم کا آغاز کیا گیا ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ حیدرآباد کی مقامی جماعت مجلس نے سیمانچل میں اپنے امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔ مجلس کے مخالف کانگریس پروپگنڈہ کا مقابلہ کرنے کیلئے محمد علی شبیر کو الیکشن کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا۔