محمد علی شبیر کو پولیس نے حج ہاؤز جانے سے روک دیا

   

احتجاج کے خوف سے گھر پر محروس، حج کیمپ کو سیاسی رنگ دینے چیف منسٹر پر الزام
حیدرآباد 22 جون (سیاست نیوز) سابق اپوزیشن لیڈر اور سینئر کانگریس قائد محمد علی شبیر کو پولیس نے حج ہاؤز جانے سے روک دیا جہاں وہ طے شدہ پروگرام کے مطابق عازمین حج کے قافلوں کو وداع کرنے والے تھے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے عازمین کی روانگی کے آج آخری دن پہلے قافلے کی روانگی کے موقع پر محمد علی شبیر کو مدعو کیا تھا۔ ہر سال تمام اہم سیاسی پارٹیوں کے قائدین عازمین حج کو وداع کرنے کے لئے حج ہاؤز پہونچتے رہے ہیں۔ محمد علی شبیر کی قیامگاہ پرصبح سے ہی پولیس کو تعینات کردیا گیا اور اُنھیں گھر پر محروس کرتے ہوئے نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ کانگریس کی جانب سے ریاست گیر سطح پر احتجاج کے پیش نظر احتیاطی اقدام کے طور پر محروس کیا گیا ہے جبکہ محمد علی شبیر نے الزام عائد کیاکہ اُنھیں حج ہاؤز جانے سے روکنے کے لئے یہ اقدام کیا گیا اور کے سی آر نے حج کیمپ کو سیاسی رنگ دیا ہے۔ محمد علی شبیر نے کہاکہ حج کمیٹی کی جانب سے اُنھیں سرکاری طور پر دعوت نامہ روانہ کیا گیا تھا لیکن پولیس نے غیرمتوقع طور پر اُنھیں محروس رکھتے ہوئے حج ہاؤز جانے اور عازمین حج سے ملاقات کی اجازت نہیں دی۔ اُنھوں نے کہاکہ سرکاری محکمہ جات میں تال میل کی کمی کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ محمد علی شبیر نے الزام عائد کیاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے حج کیمپ کو سیاسی رنگ دیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عازمین کو وداع کرنے کے لئے تمام اہم سیاسی پارٹیوں کے قائدین کی آمد ایک قدیم روایت ہے لیکن کے سی آر حکومت نے کانگریس کو روکنے کی کوشش کی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر خود بھی 2017 ء کے بعد سے عازمین کو وداع کرنے کے لئے حج ہاؤز نہیں پہونچے۔ انھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے پاس بی آر ایس کی سرگرمیوں میں شرکت کے لئے پڑوسی ریاستوں کیلئے دورے کیلئے وقت ہے لیکن حج کیمپ دورہ کرنے کے لئے اُن کے پاس وقت نہیں۔ چیف منسٹر نے گزشتہ 9 برسوں میں صرف 3 مرتبہ عازمین حج کو وداع کیا۔ 2018 ء سے وہ حج کیمپ کا دورہ کرنے سے گریز کررہے ہیں۔ محمد علی شبیر نے یاد دلایا کہ 1993 ء میں کانگریس دور حکومت میں رزاق منزل کی اوقافی جائیداد حاصل کی گئی اور وہاں حج ہاؤز تعمیر کیا گیا۔ کانگریس نے رزاق منزل کی دونوں جانب کی اراضی کو حاصل کیا اور ایک جانب کمرشیل کامپلکس کی تعمیر کا آغاز کیا گیا۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ بی جے پی اور آر ایس ایس سے بڑھتی دوستی کے نتیجہ میں اقلیتی بہبود کو نظرانداز کردیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عازمین حج سے ملاقات سے روکنے کیلئے کانگریس قائدین کو مکانات پر محروس رکھنا بدبختانہ ہے۔ اُنھوں نے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ قیام سعودی عرب کے دوران عبادات پر توجہ دیں اور ملک میں امن و امان اور ترقی کے لئے خصوصی دعا کریں۔ ر