نئی دہلی 9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے کپتان محمود اللہ نے اپنی قیادت کے پہلے ہی مقابلہ میں ہندوستان کے خلاف اپنی ٹیم کو تاریخی کامیابی دلوائی جس کے بعد چاروں گوشوں سے اِن کی کپتانی کی ستائش کی جارہی ہے جس میں ہندوستانی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان بھی شامل ہیں جنھوں نے محمود اللہ کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کی جھلک نظر آنے کا اعتراف کیا ہے۔ عرفان پٹھان نے کہاکہ جب آپ دنیا کی ایک بہترین ٹیم کے خلاف کامیابی حاصل کرتے ہیں تو اِس سے آپ کا اعتماد بلند ہوتا ہے۔ محمود اللہ نے بھی ہندوستان کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے اور اِس مقابلے کے دوران اِن کی حکمت عملی اور کھلاڑیوں کا استعمال کافی متاثرکن رہا۔ ان کی قیادت میں مہندر سنگھ دھونی کی جھلک نظر آئی جوکہ مقابلہ کے دوران روایت سے ہٹ کر حکمت عملی اختیار کرنے کے لئے شہرت رکھتے ہیں۔