9 ستمبر سے آن لائن درخواستیں، 26 ستمبر کو اسکریننگ ٹسٹ،میرٹ کی بنیاد پر داخلے
حیدرآباد۔/7 ستمبر، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے اقلیتی امیدواروں کو یونین پبلک سرویس کمیشن کے
CSAT-2022
کی کوچنگ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ میناریٹیز اسٹڈی سرکل اور کیریئر کونسلنگ سنٹر کی جانب سے سیول سرویس کوچنگ کیلئے 100 امیدواروں کا میرٹ کی بنیاد پر انتخاب کیا جائیگا۔ ہر سال محکمہ اقلیتی بہبود 100 اقلیتی طلبہ کیلئے سیول سرویس کوچنگ کا اہتمام کرتا ہے ۔ تعلیمی سال 2021-22 کیلئے محکمہ اقلیتی بہبود نے سیول سرویس ٹریننگ کا اعلامیہ جاری کیا۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ( آئی پی ایس ) جو میناریٹیز اسٹڈی سرکل کے ڈائرکٹر ہیں بتایا کہ خواتین کیلئے 33.33 فیصد اور معذورین کیلئے3 فیصد تحفظات رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ حصہ لینے والے امیدواروں کا ہی میرٹ کی بنیاد پر انتخاب کیا جائیگا۔ آن لائن درخواستیں 9 ستمبر سے داخل کی جاسکتی ہیں اور کوئی بھی پروفیشنل ڈگری امیدوار جس کا تعلق تلنگانہ سے ہو داخلہ کا اہل رہے گا۔ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 18 ستمبر ہے۔ شاہنواز قاسم کے مطابق امیدواروں کے انتخاب کیلئے اسکریننگ ٹسٹ 26 ستمبر کو تلنگانہ اسٹیٹ میناریٹیز ریسیڈنشیل اسکول سوسائٹی کے اضلاع میں موجود ہیڈ کوارٹرس پر رہے گا۔ اسکریننگ ٹسٹ دو حصوں میں ہوگا جس کے جملہ نشانات 100 رہیں گے۔ ٹسٹ صبح 10 تا 12 بجے دن مقرر ہے۔ امتحانات کا نصاب قومی اور بین الاقوامی اہم واقعات، ہندوستان کی تاریخ، ہندوستان کی قومی تحریکات، ہندوستانی اور عالمی جیوگرافی، سیاست، معیشت اور سماجی امور پر مشتمل رہے گا۔ ماحولیاتی تبدیلی ، جنرل سائنس، انگلش ، بائیو ڈائیورسٹی و دیگر امور رہیں گے۔ امیدواروں کا انتخاب خالص میرٹ کی بنیاد پر ہوگا اور مسلم، سکھ ، عیسائی، جین بدھسٹ و پارسی طبقات کے امیدوار اہل رہیں گے۔ بی اے ، بی کام، بی ایس سی کے علاوہ بی ٹیک، بی فارما، بی ایس سی اگریکلچر جیسے کورسیس گریجویٹس شرکت کے اہل ہیں۔ امیدواروں کے والدین اور سرپرستوں کی سالانہ آمدنی 2 لاکھ تک ہونی چاہیئے۔ کوچنگ کیلئے باقاعدہ اعلامیہ 8 ستمبر کو جاری ہوگا اور 9 ستمبر سے درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ 18 ستمبر آخری تاریخ ہوگی جبکہ 26 ستمبر کو اسکریننگ ٹسٹ رہے گا۔ یکم اکٹوبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا اور 4 اکٹوبر کو کونسلنگ اور سرٹیفکیٹس کی جانچ رہے گی۔امیدوار درخواستیں ویب سائیٹ www.tmreis.telangana.gov.in پر داخل کرسکتے ہیں یا فون نمبر040-23236112 سے تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔R