کانگریس کا اعتراض، حکومت سے وضاحت کا مطالبہ، ریونت ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/27 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں برقی شعبہ کی صورتحال کو بہتر بنانے میں اہم رول ادا کرنے والے سینئر عہدیدار ڈی پربھاکر راؤ کی سرکاری خدمات سے طویل عرصہ سے غیر حاضری کو کانگریس پارٹی نے سازش کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ تلنگانہ ٹرانسکو اور جینکو کے صدرنشین اور منیجنگ ڈائرکٹر ڈی پربھاکر راؤ نے ماتحت عہدیداروں کو اطلاع کے بغیر ہی دونوں عہدوں کے فرائض کی انجام دہی سے خود کو دور کردیا ہے۔ ان کے دفتر سے وابستہ عہدیدار بھی اس بارے میں کچھ کہنے سے قاصر ہیں۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پربھاکر راؤ کے طویل تجربہ کو دیکھتے ہوئے ان کی خدمات ٹرانسکو اور جینکو میں حاصل کی تھیں۔ گزشتہ کئی دن سے پربھاکر راؤ سرکاری اجلاسوں میں بھی دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ اسی دوران پردیش کانگریس کے صدر ریونت ریڈی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پربھاکر راؤ کی غیر حاضری کی وضاحت کریں۔ انہوں نے کہا کہ یادادری برقی پراجکٹ کیلئے حکومت نے پربھاکر راؤ کے ذریعہ پاور فینانس کارپوریشن 35 ہزار کروڑ کا قرض حاصل کیا ہے۔ ہر ماہ قرض کے سود کی ادائیگی اور ملازمین کی تنخواہوں کیلئے 1200 کروڑ روپئے کی ضرورت کے بارے میں پربھاکر راؤ نے حکومت کو رپورٹ پیش کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے اس رپورٹ پر کوئی کارروائی نہیں کی جس کے بعد سے پربھاکر راؤ محکمہ برقی کی خدمات سے اپنے طور پر علحدگی اختیار کرچکے ہیں۔ ریونت ریڈی کے مطابق ان کی جگہ سنگارینی کالریز کے صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر کو اضافی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ریونت ریڈی نے پربھاکر ریڈی کے معاملہ میں حکومت پر سازش کا الزام عائد کیا اور اس سلسلہ میں وضاحت کا مطالبہ کیا۔ر
