منٹ کمپاونڈ میں احتجاجی دھرنے کا آغاز ، انتظامیہ اور حکومت کے خلاف نعرہ بازی
حیدرآباد۔16 اکٹوبر(سیاست نیوز) ریاست میں محکمہ برقی کے تحت موجود اداروں میں ملازمین کی جانب سے بھی غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کئے جانے پر غور کیا جا رہاہے اور فی الحال احتجاجی ملازمین نے محکمہ برقی کے دفاتر پر دھرنے منظم کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔ منٹ کمپاؤنڈ میں واقع ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے دفتر پر بھی آج ملازمین دھرنا منظم کرتے ہوئے انتظامیہ اور حکومت کے خلاف نعرہ لگائے۔ محکمہ برقی کے اداروں میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کا کہناہے کہ گذشتہ 6برس سے حکومت ان سے جو وعدے کرتی آئی ہے وہ ان وعدوں کی تکمیل کا مطالبہ کر رہے ہیں ان کے مطالبات کوئی غیر آئینی یا غیر دستوری نہیں ہیں بلکہ ان کی جانب سے اس متعدد مرتبہ مذاکرات کئے گئے اور گذشتہ یوم کے مذاکرات کے دوران بھی کسی مطالبہ کو انتظامیہ کی جانب سے قبول نہیں کیا گیا بلکہ عارضی اور کنٹراکٹ اساس پر خدمات انجام دینے والے ملازمین کو ضم کرنے سے صریح انکار کیا جا رہاہے جبکہ حکومت نے یہ اعلان کیا تھا کہ ان اداروں میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے احکام جاری کئے جائیں گے لیکن حکومت اپنے ہی وعدہ سے انحراف کررہی ہے اور ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کی جانب سے ان مطالبات کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ ملازمین کی تنظیموں کے ذمہ داروں نے بتایا کہ وہ جلد ہی غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کرنے کے سلسلہ میں قطعی فیصلہ کرنے جا رہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ 23اکٹوبر کو ورنگل میں ٹی ایس این پی ڈی سی ایل کے صدر دفتر پر ہونے والے مہادھرنا میں اس بات کا اعلان کیا جائے گا کہ محکمہ برقی کے ملازمین کی ہڑتال کا آغاز کب ہوگا۔محکمہ برقی کے ملازمین کی مختلف یونینوں کی جے اے سی نے آئندہ چند یوم کے دوران اجلاس منعقد کرتے ہوئے ہڑتال کے سلسلہ میں فیصلہ کرنے کا تہیہ کیا ہے ۔
حکومت کی جانب سے اختیار کردہ رویہ کے سلسلہ میں ملازمین کی تنظیموں کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ حکومت انتظامیہ کے ذریعہ ملازمین کی آواز کو کچلنے کی کوشش کر رہی ہے اور انتظامیہ کی جانب سے مخالف حکومت پالیسی اختیار کرتے ہوئے یہ تاثر دیا جا رہاہے کہ انہیں اب ان ملازمین کی ضرورت باقی نہیں رہی۔ بتایاجاتا ہے کہ گذشتہ یوم ہوئے مذاکرات کی ناکامی کے بعد ملازمین سخت موقف اختیار کرتے ہوئے ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل اور ٹی ایس این پی ڈی سی ایل انتظامیہ کو ہڑتال کی نوٹس دینے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ واضح کیا جا رہاہے کہ ملازمین کا جاری احتجاج میں کوئی نرمی نہیں لائی جائے گی بلکہ اس احتجاج کو مزید مستحکم بنانے کے لئے دیگر شعبہ جات اور محکمہ جات کے ملازمین سے بھی بات چیت کی جائے گی۔