محکمہ جیل کی کارکردگی پر وزیر داخلہ محمود علی کا جائزہ اجلاس

   

حیدرآباد۔/2 مئی، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے جیل بہترین سہولیات اور صحت و صفائی کیلئے ملک بھر میں منفرد مقام رکھتی ہیں۔ وزیر داخلہ نے آج سکریٹریٹ میں محکمہ جیل کے عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں محکمہ جیل کے ڈائرکٹر جنرل و پرنسپل سکریٹری ہوم جتیندر، انسپکٹر جنرل جیل راجیش، ڈپٹی انسپکٹر جنرل مرلی بابو، ڈاکٹر سرینواس اور سنٹرل جیل کے سپرنٹنڈنٹس نے شرکت کی۔ وزیر داخلہ کو مختلف جیلوں کی صورتحال سے واقف کرایا گیا۔ محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ کا محکمہ جیل ملک بھر میں اپنی انفرادیت کیلئے جانا جاتا ہے۔ انہوں نے قیدیوں کے ساتھ بہتر سلوک، بہتر غذا کی سربراہی اور صاف ستھرا لباس فراہم کرنے کا مشورہ دیا۔ تلنگانہ کا محکمہ جیل آمدنی میں اضافہ کیلئے کئی پٹرول پمپس چلا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر جیل میں اور اس کے اطراف کے علاقوں کو صحت و صفائی کے اعتبار سے نگہداشت کی جائے تاکہ قیدیوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھا جاسکے۔ر