محکمہ رجسٹریشن سے سرکاری خزانہ کو 10 ہزار کروڑ کی آمدنی

,

   

علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سب سے زیادہ آمدنی، مالیاتی سال ختم ہونے مزید ایک ماہ باقی
حیدرآباد ۔ 26 فبروری (سیاست نیوز) ریاست میں رجسٹریشن کی آمدنی میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ مالیاتی سال 2021-22ء کے اختتام کیلئے مزید ایک ماہ باقی ہے۔ تاہم رجسٹریشن کی آمدنی 10 ہزار کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔ ریاست میں دو مرتبہ اراضیات کی مارکٹ قدر میں اضافہ کیا گیا۔ رجسٹریشن فیس و اسٹامپ ڈیوٹی پر نظرثانی کرنے کے باوجود لین دین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اس سال دوسری مرتبہ زرعی اور غیرزرعی جائیدادوں کی مارکٹ قدر پر نظرثانی کی گئی جس پر جاریہ ماہ 2 فبروری سے عمل آوری ہورہی ہے جس کی وجہ سے پہلے ہفتہ میں رجسٹریشن کی رفتار تھوڑی ہوگئی تھی لیکن دوبارہ بحال ہوگئی۔ حکومت نے جاریہ سال محکمہ رجسٹریشن سے 12,500 کروڑ آمدنی ہونے کا اندازہ لگایا تھا۔ تاحال زرعی اراضیات کے رجسٹریشن سے 1300 کروڑ اور غیرزرعی اراضیات کے رجسٹریشن سے 8700 کروڑ روپئے کی آمدنی حاصل ہوئی ہے۔ عہدیداروں کی جانب سے توقع کی جارہی ہیکہ مالیاتی سال کے اختتام تک آمدنی کا جو نشانہ مختص کیا گیا تھا وہ حاصل ہوجائے گا۔ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد محکمہ رجسٹریشن سے پہلی مرتبہ سب سے زیادہ آمدنی حاصل ہوئی ہے۔ سال 2019-20ء میں محکمہ رجسٹریشن سے 7061 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی تھی۔ن