محکمہ سیول سپلائز کے جاروب کشوں کی تنخواہ میں اضافہ

   

حیدرآباد ۔ 12 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : محکمہ سیول سپلائی کے گوداموں میں کام کرنے والے جاروب کشوں کی تنخواہوں میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔ یہ بات چیرمین سیول سپلائی کارپوریشن مسٹر ماریڈی سرینواس ریڈی نے بتائی ۔ انہوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ جاروب کشوں کا یہ ایک دیرینہ مطالبہ تھا اور گذشتہ تین سال کے عرصہ سے وہ اپنی ضرورت کا اظہار کررہے تھے اور شدت سے مطالبہ کیا جارہا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ ماہ عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد اس مسئلہ پر توجہ مبذول کی گئی اور کمشنر سے بات چیت کی گئی ۔ کمشنر سیول سپلائی کارپوریشن مسٹر ڈاکٹر اکون سبھروال نے چیرمین کی سفارش پر مثبت ردعمل ظاہر کرنے کے بعد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ان محنت کش جاروب کشوں کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے سے اتفاق کرلیا ۔ ان گوداموں میں تقریبا 200 خواتین کام کرتی ہیں اور اس فیصلہ پر یکم فروری سے عمل آوری ہوگی ۔ اس تازہ فیصلے کے بعد محکمہ سیول سپلائی کو سالانہ 17 لاکھ 55 ہزار روپئے کا اضافہ بوجھ برداشت کرنا پڑے گا ۔ اس فیصلہ کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا گیا فیصلہ قرار دیا جارہا ہے ۔ جس سے سیول سپلائی کے جاروب کشوں میں مسرت پائی جاتی ہے ۔ اس فیصلہ سے سیول سپلائی سے متعلق 170 منڈل سطح کے مراکز اور گوداموں میں کام کرنے والے جاروب کشوں کو فائدہ ہوگا ۔ اس فیصلے کے بعد 750 روپئے ماہانہ اضافہ ہوگا ۔۔