محکمہ پولیس میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے ساتھ تقررات کی تیاری

   

جاریہ ماہ کانسٹبلس کے لیے اعلامیہ ، ڈی جی پی شیودھر ریڈی کا انکشاف
حیدرآباد۔ 31 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پولیس میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ اب تقررات پر بھی توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ تقریباً 2 سال سے تعطل کا شکار کانسٹبل تقررات کو امکان ہے بہت جلد ہری جھنڈی دکھائی جائے گی اور 14 ہزار کانسٹبل جائیدادوں پر تقررات کے لئے اعلامیہ کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ امکان ہے کہ ماہ جنوری نئے سال کے موقع پر بے روزگار اور محکمہ پولیس میں خدمات کے خواہش مند امیدواروں کو حکومت کی جانب سے خوش خبری سنائی جائے گی۔ اس بات کا اشارہ ریاستی ڈی جی پی شیودھر ریڈی نے ایک موقع پر کردیا۔ بتایا کہ 14 ہزار کانسٹبلس کی جائیدادوں پر بھرتی کے لئے عنقریب اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی اور اس کے لئے ضروری سفارشی محکمہ کی جانب سے حکومت کو روانہ کردی گئی ہے۔ اس بات کے قوی امکانات بتائے جارہے ہیں کہ ماہ جنوری میں اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جاسکتی ہے چونکہ مسلسل ایک کے بعد دیگر بندوبست اور انتخابی سرگرمیوں کے سبب عملہ پر کام کا بوجھ بڑھ گیا ہے چونکہ پولیس ڈسپلنری یونیفام فورس کی شناخت رکھتی ہے۔ اس وجہ سے دیگر محکموں کی طرز پر کھل کر مطالبہ کی یکسوئی اور اس کے حل کے لئے دھرنے، ریالیاں نہیں نکال سکتے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے اس دباؤ کو دیکھتے ہوئے مکمل رپورٹ تیار کرلی ہے اور ایک سفارش حکومت کو روانہ کی جاچکی ہے۔ پولیس محکمہ میں سبکدوشی کے سبب بھی کئی جائیدادیں مخلوعہ ہیں اور ان پر تقررات عمل میں میں نہیں لائے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد صرف تین مرتبہ پولیس کانسٹبلس کے تقررات کو عمل میں لایا گیا۔ سال 2018 میں 9.281 کانسٹبلس کی جائیدادوں پر تقررات، سال 2022 میں 16,925 اور سال 2023 میں 17 ہزار جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے گئے اور گزشتہ دو سال سے یہ مسئلہ تعطل کا شکار تھا۔ ع